دبئی: معروف ڈریس ڈیزائنر منیش ملہوترہ کی کلیکشن کی نمائش
منیش ملہوترہ کی پہچان نہ صرف انڈیا میں بلکہ عالمی سطح پر موجود ہے۔ فوٹو انسٹاگرام منیش
بالی وڈ کی چمک دمک میں منیش ملہوترہ ایسا نام ہے جو عمدہ کاریگری اور نفیس ڈیزائننگ میں اپنا ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق منیش ملہوترہ کی پہچان نہ صرف انڈیا میں بلکہ عالمی سطح پر موجود ہے اب انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مستقل طور پر اپنی آوٹ لٹ قائم کر لی ہے۔
انڈیا کے سب سے مشہور ڈیزائنرز میں شامل ملہوترہ نے جنوبی ایشیائی فیشن کو نئے انداز میں متعارف کروایا ہے اور انٹرنیشنل انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے بڑے ستارے ان کے تیارکردہ ملبوسات پہنتے ہیں۔
بالی وڈ کی اداکارہ پریانکا چوپڑہ، ہالی وڈ کی کم کارڈیشین اور جینیفر اینسٹن ملہوترہ کے ڈیزائن کردہ ملبوسات پسند کرتی ہیں۔
دبئی میں اپنا پہلا بین الاقوامی سٹور کھولنے کے بعد انہوں نے فروری میں دبئی فیشن ویک کے تازہ ترین ایڈیشن کا شاندار انتظام کیا۔
یہ ان کا پہلا بین الاقوامی شو تھا،اس شو کی کلیکشن میں سب کچھ تھا جس کی ان کے کسٹمرز توقع رکھتے تھے بلکہ اس سے بھی زیادہ۔

’دی ورلڈ کلیکشن: دبئی‘ کے عنوان سے یہ ملبوسات روایتی انڈین کاریگری کو جدید عالمی انداز میں پیش کرنے کا ایک شاندار امتزاج تھا۔
منیش ملہوترہ نے بتایا ’میں عالمی طرز کے ملبوسات ڈیزائن کرنے کے ساتھ انڈین فیشن کی جڑوں سے اپنی وابستگی قائم رکھنا چاہتا ہوں۔‘

اس کلیکشن میں میرے تیار کردہ ملبوسات کے ڈیزائن انتہائی نفیس اور جدید انداز میں تخلیق کئے گئے ہیں جو خواتین میں بہت پسند کئے گئے ہیں۔
ان کے ڈیزائن میں زیادہ تر چمکدار موتیوں کا کام نمایاں ہے، چاندی کے کام سے مزین اور قوس و قزح کے رنگوں والا شاندار گاؤن خاص طور پر توجہ کا مرکز بنا۔

اس کے علاوہ ریمپ پر فیشن ایبل، نرم و نفیس کٹ کے ساتھ تخلیق کردہ سوٹ بھی نمایاں تھے جو آسانی سے پہنے جا سکتے ہیں۔
سوٹ میں خوبصورت موتیوں کی کڑھائی شامل تھی جو اس خطے سے موتی نکالنے کی تاریخی وراثت کا خوبصورت اظہار تھا۔

ملہوترہ نے وضاحت کی ’میرے تیار کردہ سوٹ ہمیشہ خود اعتمادی اور انفرادیت کے اظہار کی خاص علامت رہے ہیں۔‘
اس کے علاوہ دستکاری سے جڑے بروکیڈ سوٹ کو بٹن دار مڈی سکرٹس کی شکل میں پیش کیا گیا جو ملہوترہ کی معروف دستکاری کو اجاگر کر رہا تھا۔

رمضان کے حوالے سے انڈین ڈیزائنر کے خوبصورت اور ورسٹائل گاؤن ’قفطان‘ اور عبایہ نما ملبوسات کے ڈیزائن خاص طور پر نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
حالیہ کلیکشن فیشن کی عالمی زبان کی عکاسی کرتی ہے جہاں ورثہ جدت سے ملتا ہے اور جدید، منفرد اور نمایاں انداز میں روایات کا اظہار کرتی ہے۔
