مڈل ایسٹ فیشن ویک کا دوسرا ایڈیشن 7 سے 10 نومبر تک دبئی میں منعقد ہونے والا ہے جس میں یو اے ای میں موجود عالمی شہرت یافتہ فیشن برانڈز اپنی مصنوعات کے ساتھ شامل ہوں گے۔
عرب نیوز کے مطابق دبئی میں مقیم فلپائنی ڈیزائنر مائیکل سنکو بھی تیسرے دن اپنی پہلی پری-اے-پورٹر لائن پر نایاب تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
فلپائنی ڈیزائنر سنکو نے کہا ہے کہ اس فورم کے ذریعے ہمارے تیار کردہ ڈیزائنز کو دنیا بھر کی مارکیٹ میں رسائی حاصل کرنے کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے۔
ہمارے جدید اور لازوال اقسام کے لباس خواتین کی پسندیدگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر اماٹو کوچیئر اس تقریب کے چوتھے دن اپنی خصوصی اور نئی کلیکشن کی نمائش کریں گےتا کہ اس شاہکار تقریب کو نہایت یادگار بنایا جا سکے۔
اس کے علاوہ نمائش میں اپنے منفرد ڈیزائن پیش کرنے والوں میں گیریمن روفروس، ہاؤس آف وکٹر، ایرونک ایٹیلیئر، ویلیریا اسد، صوفی لام ویری اور بلیونیس کے شاندار برانڈ شامل ہوں گے۔
اس کے علاوہ نمائش میں شو سٹاپنگ لیبل کا چمکتا ہوا کرسٹل لباس رکھا جائے گا جو حال ہی میں دبئی میں پیرس ہلٹن نے زیب تن کیا تھا۔
اس فورم میں منگولیا کے ابھرتے ہوئے ڈیزائنر نولورکیشمر اور ریڈ کیمل بھی اپنے شاندار ماڈل کی نمائش کرنے کے لیے تیار ہیں۔
اس ایونٹ میں مڈل ایسٹ میں ایک پائیدار فیشن فورم کے دوسرے ایڈیشن کی میزبانی بھی کی جائے گی جس میں مڈل ایسٹ فیشن کونسل اور دی سسٹین ایبل سٹی ڈیلوئٹ کی شراکت داری ہو گی۔