Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب میں ’ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز کانفرنس‘، وزیر خزانہ کی شرکت

سعودی عرب کے تاریخی شہر العلا میں ’ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز کانفرنس‘ کا آج اتوار سے آغاز ہو گیا ہے جس میں پاکستان کے وزیر خارجہ محمد اورنگزیب بھی شریک ہیں۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اعلیٰ سطح کے پینل مباحثے میں شریک ہیں جس کی میزبانی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کر رہی ہیں۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب گذشتہ روز ’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز‘ میں شرکت کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے تھے۔
پاکستان کے وزیر خزانہ اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدان کی خصوصی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
’العلا کانفرنس فار ایمرجنگ مارکیٹ اکانومیز‘ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) اور سعودی وزارت خزانہ کے باہمی اشتراک سے منعقد کی جا رہی ہے۔ 
کانفرنس میں مجموعی طور پر نو نشستیں ہوں گی جن میں 200 شرکاء اور 36 مقررین شریک ہوں گے۔ کانفرنس میں 48 ممالک کو مدعو کیا گیا ہے۔ 
کانفرنس میں محمد اورنگزیب کی خصوصی شرکت ان پالیسی اقدامات کے تناظر میں ہے جن کی بدولت پاکستانی معیشت میں استقلال اور مثبت سازگار تبدیلیاں رونما ہوئیں۔ 
بیان کے مطابق یہ کانفرنس اُبھرتی ہوئی منڈیوں اور ترقی پذیر معیشتوں کی سوچ اور فکر کی بنیاد پر ایک مضبوط اور پائیدار عالمی معیشت کی تعمیر کے لیے ہر سال سعود عرب میں منعقد کی جائے گی۔
یہ کانفرنس ایسے وقت میں منعقد کی جا رہی ہے جب دنیا گہرے اور مسلسل اقتصادی جھٹکوں، تجارتی تناؤ، جغرافیائی سیاست اور تنگ مالی حالات سے نبرد آزما ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کانفرنس کی بدولت عالمی رہنماؤں کو ملکی، علاقائی اور عالمی اقتصادی حالات اور چیلنجوں کے حل کے لیے تبادلۂ خیال کے لیے منفرد پلیٹ فارم دستیاب ہو گا۔

 

شیئر: