Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات، تجارت اور سرمایہ کاری پر گفتگو

پاکستان اپنے اتحادیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات بڑھانے اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروع دینا چاہتا ہے۔ (فوٹو: وزارت خزانہ)
پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکہ میں اپنے سعودی ہم منصب محمد الجدان سے ملاقات کی۔
وزارت خزانہ کی جانب سے بدھ کو جاری ایک بیان کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں وزرا نے تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گفتگو کی۔
پاکستان کے وزیرخزانہ عالمی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک کے سالانہ اجلاس میں شرکت کے لیے واشنگٹن میں موجود ہے جہاں دوسرے ممالک کے وزرائے خزانہ اور دیگر رہنما جمع ہیں۔
گذشتہ ماہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی تھی جس میں سعودی عرب اور دوسرے دوست ممالک بشمول چین نے اہم کردار ادا کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ’وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے اجلاس کے سائیڈ لائن پر اپنے سعودی ہم منصب سے ملاقات کی۔‘
دونوں وزرائے خزانہ نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی تعریف کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات، دو طرفہ تجارت، اور اہم سیکٹرز میں سرمایہ کاری کو بڑھائیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے وزیرخزانہ نے توانائی کے سیکٹر میں اصلاحات کے تجربات اپنے پاکستانی ہم منصب سے شیئر کیا۔
خیال رہے پاکستان اپنے اتحادیوں کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھا کر ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروع دینا چاہتا ہے۔
2023 میں حکومت نے ملک میں سرمایہ کاری کو بڑھاوا دینے کے لیے سپیشل انوسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی تھی جس کا مقصد ملک میں سرمایہ کاری میں سہولت کاری کرنا ہے۔
 

شیئر: