گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس کے مالک ایلون مسک نے قدامت پسند انفلوئنسر ایشلے سینٹ کلیر کے اس دعوے کے بعد خاموشی توڑ دی ہے کہ وہ ان کے پانچ ماہ کے بچے کے باپ ہیں۔
ایلون مسک نے ایکس پر ایک ٹویٹ میں لکھا ’واؤ‘ اور ایک پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے لکھا کہ وہ بچے کے لیے پانچ برس سے ’منصوبہ بندی‘ کر رہی تھیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایشلے سینٹ کلیر نے جمعے کو اعلان کیا کہ ایلون مسک ان کے بچے کے والد ہیں اور لکھا کہ ’پانچ ماہ پہلے بچے کی پیدائش ہوئی اور ایلون مسک اس کے والد ہیں۔‘
مزید پڑھیں
-
ٹرمپ کی تقریبِ حلف برداری، ایلون مسک کا ’نازی سلیوٹ‘؟Node ID: 884733
انہوں نے کہا کہ بچے کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کو پرائیویٹ رکھا لیکن جب پتا چلا کہ میڈیا یہ سٹوری بریک کرنے والا ہے تو سب کو بتا دیا۔
ایلون مسک کے مختصر ردعمل پر ایشلے سینٹ کلیر نے ڈلیٹ شدہ پوسٹ میں کہا کہ ’ایلون ہم کئی روز سے بات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن آپ نے جواب نہیں دیا۔ آپ کب جواب دیں گے۔‘
انفلوئنسر کے نمائندہ برائن گلیکلیچ نے بعد ازاں سنیچر کو ایک بیان میں تصدیق کی کہ وہ اور ایلون مسک بچے کی مشترکہ پرورش پر نجی طور پر معاہدے پر کام کر رہے تھے۔
’ہم ایلون کا انتظار کر رہے ہیں کہ وہ افواہوں کے خاتمے کے لیے عوامی سطح پر ایشلے کے ساتھ بچے کے حوالے سے اپنے کردار کا اعلان کریں، اور ایشلے کو یقین ہے کہ ایلون بچے کے تحفظ اور دیکھ بھال کو مدنظر رکھتے ہوئے جلد ہی معاہدہ کریں گے۔‘
52 سالہ ایلون مسک کے تین دیگر بیویوں سے 12 بچے ہیں۔ پہلی بیوی جسٹین ولسن سے پانچ، موسیقار گرائمز سے تین اور شیون زیلیس سے دو بچے ہیں۔