متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے اتوار کو ابو ظبی کے قصر الشاطی میں یوکرین کے صد ولادیمیر زیلنسکی نے ملاقات کی ہے۔
وام کے مطابق دونوں رہنماؤں نے معیشت، سرمایہ کاری، ڈیولپمنٹ، قابل تجدید توانائی، فوڈ سکیورٹی سمیت دیگر ترجیحی شعبوں میں تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید پڑھیں
اماراتی صدر کا کہنا تھا’ متحدہ عرب امارات عالمی سطح پر مؤثر شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے تاکہ مشترکہ ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔‘
انہوں نے کہا’ امارات ہمیشہ سے بحرانوں کے پرامن حل کی حمایت کرتا ہے۔ ترقی اور خوشحالی صرف ایک مستحکم ماحول میں ہی ممکن ہے۔‘
انہوں نے یوکرین تنازع کے پرامن حل کی تمام کوششوں کی سپورٹ جاری رکھنے اور تنازع کے انسانی اثرات کو کم کرنے کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر زیلنسکی نے یوکرین اور امارات کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ قیدیوں کے تبادلے میں امارات کے سفارتی کردار اور یوکرین بحران میں انسانی ہمدردی کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔
صدر شیخ محمد بن زاید نے ایکس اکاونٹ پر لکھا ’آج یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ابو ظبی میں ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقے تلاش کیے۔‘

ایک جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے جو تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے حوالے سے نئے دور کا آغاز ہے۔
متحدہ عرب امارات سب کے لیے امن، استحکام اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے تعاون اور افہام وتفہیم پر مبنی شراکت داری بنانے کے اپنے عزم پر قائم ہے۔
علاوہ ازیں امارات اور یوکرین کے صدور نے جامع اقتصادی شراکت داری معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔
یہ معاہدہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کے نئے مواقع کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
شیخ محمد بن زاید کا کہنا تھا ’یہ معاہدہ امارات اور یوکرین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو فروغ دینے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔‘