مملکت کے کئی علاقے منگل سے جمعرات تک بارش کی زد میں، سردی بڑھے گی
شمالی اور وسطی علاقوں میں پارہ منفی تک پہنچ جائے گا (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں قومی مرکز برائے موسمیات کا کہنا ہے’ آئندہ ہفتے مملکت کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کی وجہ سے سردی میں اضافے کا امکان ہے۔‘
سبق نیوز کے مطابق قومی مرکز کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا’ مملکت کے شمالی اور وسطی علاقوں میں بعض مقامات پرپارہ منفی تک پہنچ جائے گا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے۔‘
علاوہ ازیں مرکز کے ماہر موسمیات عقیل العقیل کا کہنا ہے’ منگل سے جمعرات تک مملکت کے مشرقی علاقے اور ریاض ریجن کے بیشتر مقامات پر کہیں ہلکی جبکہ بعض علاقوں میں درمیانے درجے کی بارش کا امکان ہے۔‘
عقیل العقیل کا مزید کہنا تھا ’ قصیم ، حائل اور شمالی علاقے بھی درمیانے درجے کی بارش کی لپیٹ میں رہیں گے جبکہ شمالی علاقوں میں درجہ حرارت منفی تک پہنچ جائے گا۔‘
بیان میں کہ گیا’ مملکت کے بیشتر علاقے سردی کی لہر سے متاثر ہوں گے، ان علاقوں میں رہنے والے جہاں سرد ہوائیں چلیں گی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔‘
