Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنرل عاصم منیر کا دورہ برطانیہ، علاقائی استحکام کانفرنس سے خطاب کریں گے

دونوں ملکوں کی افواج میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔ فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کی فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر برطانیہ کے سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جہاں وہ سنڈہرسٹ رائل ملٹری اکیڈمی میں ساتویں علاقائی استحکام کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
راولپنڈی میں پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق آرمی چیف کانفرنس میں ’نیا ورلڈ آرڈر اور پاکستان کا فیوچر آؤٹ لُک‘ کے عنوان سے خطاب کریں گے۔
استحکام کانفرنس پاکستان اور برطانیہ کی افواج کے درمیان ڈائیلاگ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر کام کرتی ہے۔
دونوں ملکوں کی افواج میں تعاون کو فروغ دینے کے لیے یہ کانفرنس ہر سال منعقد کی جاتی ہے۔
یہ کانفرنس پالیسی سازوں، سول اور ملٹری دونوں کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے ممتاز تھنک ٹینکس کے ارکان کی متوازن نمائندگی کے ساتھ اُن کو ایک جگہ اکٹھا کرتی ہے۔
رواں سال کی کانفرنس تیزی سے ابھرتے ہوئے جغرافیائی سیاسی منظر نامے کی وجہ سے خاص اہمیت رکھتی ہے، جو نقطہ نظر کے تبادلے اور دو طرفہ تعاون کو بڑھانے کے راستے تلاش کرنے کا ایک بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
برطانیہ پہنچنے پر جنرل عاصم منیر کا پرتپاک اور باوقار خیرمقدم کیا گیا۔ اُن کو گھُڑ سوار دستوں نے تاریخی رائل ہارس گارڈز پریڈ گراؤنڈ میں ایک رسمی گارڈ آف آنر دیا۔
اپنے دورے کے دوران آرمی چیف برطانیہ کی سول اور فوجی قیادت کے اہم ارکان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ان کی مصروفیات میں برطانیہ کے چیف آف ڈیفنس سٹاف مسٹر ایڈم ٹونی ریڈیکن، چیف آف دی جنرل سٹاف آف برٹش آرمی جنرل سر رولینڈ واکر، اور برطانیہ کے قومی سلامتی کے مشیر جوناتھن نکولس پاول سے ملاقاتیں شامل ہوں گی۔
مشترکہ چیلنجوں سے نمٹنے اور گہرے تعاون کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے جنرل عاصم منیر برطانوی ہوم سیکریٹری یوتے کوپر سے بھی گفتگو کریں گے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان مضبوط سفارتی، اقتصادی اور سکیورٹی تعلقات پر مبنی دیرینہ تعلقات ہیں۔ گزرے برسوں میں دونوں ممالک کی افواج نے مضبوط تعاون کو برقرار رکھا ہے جن میں خاص طور پر انسداد دہشت گردی اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے قابلِ ذکر ہیں۔
اپنے دورے میں جنرل عاصم منیر برطانوی فوج کے نمایاں یونٹوں کا بھی دورہ کریں گے، جن میں لینڈ وارفیئر سینٹر اور فرسٹ سٹرائیک بریگیڈ شامل ہیں، جہاں وہ برطانوی فوج کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے اقدامات اور آپریشنل حکمت عملیوں کے بارے میں بریفنگ لیں گے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ دورہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان پائیدار شراکت داری کو اجاگر کرتا ہے اور علاقائی استحکام اور عالمی امن کے لیے ان کے مشترکہ عزم کا اعادہ کرتا ہے۔

شیئر: