مشہور ٹی وی سیریز ’گوسپ گرل‘ سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی امریکی اداکارہ مشیل ٹریچٹن برگ 39 برس کی عمر میں چل بسیں۔
سی این این کے مطابق بدھ کی صبح آٹھ بجے 911 پر کال موصول ہونے کے بعد جب پولیس مین ہٹن کے اپارٹمنٹ پہنچی تو وہاں ایک خاتون کو مردہ حالت میں پایا۔
مزید پڑھیں
نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کے مطابق خاتون کی شناخت مشہور اداکارہ مشیل ٹریچٹن برگ کے طور پر ہوئی۔
نیویارک سٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ نے ایک بیان میں کہا کہ کسی جرم کا شبہ نہیں ہے تاہم، تحقیقات جاری ہیں۔ طبی معائنے کے بعد ہی اداکارہ کی موت کی اصل وجہ سامنے آئے گی۔
اے بی سی نیوز نے رپورٹ کیا ہے کہ مشیل ٹریچٹن برگ کی والدہ نے انہیں اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پایا۔
اداکارہ نے حال ہی میں جگر کی پیوند کاری کرائی تھی اور ممکن ہے کہ ان کی موت قدرتی وجوہات کی بنا پر ہوئی ہو، تاہم موت کی حتمی وجہ جاننے کے لیے طبی معائنہ جاری ہے۔
نیو یارک شہر میں پیدا ہونے والی مشیل ٹریچٹن برگ نے صرف تین سال کی عمر بطور سٹار کڈ کام شروع کیا۔ واضح رہے کہ مشیل ٹریچٹن برگ نے 3 سال کی عمر میں اپنے کیریئر کا آغاز کیا اور دی ایڈونچرز آف پیٹ اینڈ پیٹ اور آل مائی چلڈرن جیسے شوز میں کام کیا۔
1996 میں انہوں نے ہیریئٹ دی سپائی میں مرکزی کردار ادا کیا۔ 2000 سے 2003ء تک وہ بفی دی ویمپائر سلیئر میں ڈان سمرز کے کردار میں نظر آئیں، گوسپ گرل میں انہوں نے جارجینا سپرکس کا کردار نبھایا۔