آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا جوش و خروش اس وقت ماند پڑ گیا جب میزبان پاکستان تین دہائیوں بعد ملک میں ہونے والے میگا ایونٹ میں ایک بھی میچ جیتے بغیر باہر ہو گئی۔
مزید پڑھیں
-
پی ایس ایل سیزن 10 کا آغاز کب سے ہوگا؟ شیڈول جاریNode ID: 886551
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق کراچی میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستان کی شکست دیکھنے والے کاشان خان نامی کرکٹ فین نے کہا کہ ’اب چیمپئنز ٹرافی دیکھنا ایسا ہی ہے جیسے بندہ ایسی شادی میں چلا جائے جہاں دلہا اور دلہن کو جانتا ہی نہ ہو۔‘
اس افتتاحی میچ کے بعد روایتی حریف انڈیا کے خلاف دبئی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں بھی دفاعی چیمپئن پاکستان کو چھ وکٹوں سے ہزیمت اٹھانا پڑی۔
اس شکست کے بعد پاکستان کے ایونٹ میں اپنا سفر جاری رکھنے پر اگر مگر کے فارمولے چلنا شروع ہوئے جو بالآخر بنگلہ دیش کی نیوزی لینڈ سے شکست کے بعد میزبان ٹیم کے ایونٹ سے نکلنے کی صورت میں دم توڑ گئے۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کا آخری شیڈول میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا جس کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

کاشان خان نے مزید کہا ہے کہ ’پاکستان کی ناقص کارکردگی نے میرا جوش و خروش ختم کر دیا ہے۔ اب مجھے دیگر ٹیموں کے میچز دیکھنے میں کوئی دلچسپی نہیں۔‘
کئی برس کی بے امنی کے بعد آہستہ آہستہ بین الاقوامی ٹیموں کی میزبانی کی طرف لوٹنے والے پاکستان کی جانب سے گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ پانے یا کوئی بھی میچ نہ جیت سکنے کی وجہ سے کرکٹ شائقین میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
ملک کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والے چیمپئنز ٹرافی کے میچز کی وجہ سے سکیورٹی کی صورتحال میں کافی بہتری آئی ہے تاہم، دل شکستہ شائقین نے اب ٹورنامنٹ میں دلچسپی کم کر دی ہے۔
کئی شائقین 27 فروی کو بارش کی وجہ سے منسوخ ہونے والے بنگلہ دیش اور پاکستان کے میچ کے ٹکٹس بیچنے کے لیے کوشاں دیکھے گئے لیکن انہیں کوئی خریدار نہیں ملا۔

کرکٹ تماشائی فاروق علی کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس تین ٹکٹیں ہیں لیکن کوئی خریدنے والا ہی نہیں ہے، حتیٰ کہ میں نے اپنے دوستوں کو فری دینے کی بھی پیشکش کی لیکن میچ دیکھنے کے لیے کوئی نہیں مانا۔‘
معروف ٹی وی اور فلم اداکار عدنان صدیقی بھی پاکستان کی کارکردگی سے مایوس ہیں۔
وہ کہتے ہیں کہ ’میں میچ دیکھتے ہوئے بڑا ہوا ہوں، مجھے یاد ہے کہ ہم رات کو جاگ جاگ کر اور صبح سویرے اٹھ کر میچ دیکھا کرتے تھے لیکن آج کی نسل کی کرکٹ سے دلچسپی ختم ہو رہی ہے، میرے بیٹے کی کرکٹ میں دلچسپی آہستہ آہستہ ختم ہو رہی ہے۔‘
عرفان صدیقی انڈیا اور پاکستان کا میچ دیکھنے کے لیے دبئی گئے تھے۔

وہ کہتے ہیں کہ ’یہ حقیقت ہے کہ ہم ماضی میں انڈیا کو اکثر شکست دیتے تھے، لیکن اب وہ مہارت اور جرأت میں ہم سے کہیں آگے نکل چکے ہیں۔ ہماری ٹیم خوفزدہ نظر آئی، جیسے وہ دباؤ میں کھیل رہی ہو، جیتنے کے لیے نہ صرف ٹیلنٹ بلکہ حوصلہ اور اعتماد بھی چاہیے، جو اس مرتبہ ہماری ٹیم میں نظر نہیں آیا۔‘
چیمپئنز ٹرافی کے دو گروپ میچز جنوبی افریقہ بمقابلہ انگلینڈ، کراچی میں جبکہ نیوزی لینڈ بمقابلہ انڈیا، دبئی میں شیڈولڈ ہیں۔
ایونٹ کا پہلا سیمی فائنل چار مارچ کو دبئی میں اور دوسرا سیمی فائنل پانچ مارچ کو لاہور میں شیڈول ہے۔
انڈیا کے فائنل میں پہنچ جانے کی صورت میں فائنل بھی لاہور سے دبئی شفٹ ہونے کا خدشہ موجود ہے۔