اسلام آباد... پاکستان نے افغان سرحد کی نگرانی مزید موثر بنانے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر داخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید، آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل ندیم احمد انجم اور پاک فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا ۔ گزشتہ روز کوئٹہ، پارا چنار اور کراچی میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات کے شواہد اور تفصیلات معلوم کیں۔ وزیر داخلہ اور سی جی ایس نے پاک، افغان بارڈر کراسنگ پوائنٹس پر مانیٹرنگ مزید موثر بنانے پر اتفاق کیا۔چوہدری نثار نے کہا کہ عید سے قبل دہشت گرد کاروائیوں کا مقصد سیکیورٹی کے حوالے سے بے یقینی کی کیفیت پیدا کرنا اور افراتفری پھیلا نا ہے ۔انہوں نے دوٹوک ا لفاظ میں کہا کہ بزدلانہ کاروائیوں سے قوم کا حوصلہ اور عزم متاثر ہو سکتا ہے اور نہ دہشت گردوں کے خلاف ہماری کاوشیں کسی طور کم ہوں گی۔ ریاست کی جانب سے ایسی مذموم کاروائیوں کا جواب مکمل طاقت سے دیا جائے گا۔