سماجی تجربہ، امارات میں گداگر نے ایک گھنٹے میں 367 درھم جمع کرلیے
امارتی پولیس نے رمضان میں خیرات کے حوالے سے آگاہی وڈیو جاری کی ہے( فوٹو: امارات الیوم)
امارتی پولیس نے پیشہ ورگداگروں کی ریا کاری کو عیاں کرنے کےلیے ایک آگاہی وڈیو جاری کی ہے۔
وڈیو میں دکھایا گیا کہ گداگر کے بھیس میں ایک کارکن نے محض ایک گھنٹے میں 367 درھم جمع کرلیے۔
امارات الیوم کے مطابق امارتی پولیس کی ٹیم نے گداگروں کی حیلہ سازی کو بےنقاب کرنے کےلیے ایک سماجی تجربہ کیا۔
ایک اہلکار نے گداگر کا روپ دھارا اور مسجد کے باہر نمازیوں سے بھیک مانگنا شروع کی۔
محض ایک گھنٹے میں 367 درھم جمع کیے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پیشہ ور گداگر ماہ رمضان کو کس طرح اپنے مفاد کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
اماراتی پولیس کی جانب سے جاری آگاہی وڈیو میں کہا گیا کہ خیرات ایسے اداروں کو دیں جو حقیقی ضرورت مندوں کی امداد کے کام کرتی ہیں تاکہ دی گئی رقم پیشہ ور گداگروں کے ہاتھوں میں نہ جائے۔