وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف بن عبدالعزیز آل الشیخ نے مکہ مکرمہ کی مزید 167 مساجد میں کل سے جمعہ اور عید کی نماز ادا کرنے کے احکامات صادر کردئیے ہیں۔
سعودی خبررساں ادارے ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزیر اسلامی امور آل الشیخ نے مسجد الحرام میں زائرین بڑی تعداد کے پیش نظر شہرِ مکہ کی ان مساجد میں جہاں عام دنوں میں نماز جمعہ کے اجتماعات نہیں ہوتے ہیں وہاں کل 21 رمضان المبارک سے نماز جمعہ ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مکہ مکرمہ میں زائرین کی بڑی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کے لیے شہر کے مختلف علاقوں میں موجود مساجد کی تعداد 849 ہو جائے گی جہاں جمعہ اور عید الفطر کی نماز ادا کی جائے گی تاکہ زائرین اپنی سہولت کے مطابق رہائش سے قریبی مساجد میں جمعہ اور عید کی نماز ادا کرسکیں۔
وزارت اسلامی امور نے مینٹیننس کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ شہر کی ان مساجد میں جہاں جمعہ اور عید کی نماز ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے وہاں مستقل بنیادوں پر اصلاح ومرمت کا کام مکمل کرلیں تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے علاوہ ازیں جمعہ کے خطبے کے لیے مذکورہ مساجد میں خطباء کی تعیناتی کے احکامات بھی صادر کردیئے گئے ہیں۔