Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایک دن لوگ مجھے، شاہ رخ اور سلمان کو بھلا دیں گے، عامر خان

عامر خان کی عمر 60 برس ہے (فوٹو: یوٹیوب، سکرین گریب)
بالی ووڈ سٹار عامر خان نے کہا ہے کہ ’لوگ مجھے، شاہ رخ اور سلمان خان کو ایک دن بھول جائیں گے۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق ایک انٹرویو میں عامر خان نے کہا کہ بالی وڈ میں ان کا اور دوسرے سینئر اداکاروں  کا سفر اب اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔
فلم بینوں میں بعض کا خیال ہے کہ عامر خان، سلمان اور شاہ رخ خان فلمی دنیا کے وہ کامیاب ستارے ہیں جن کی کامیابی اور مشہوری تک پہنچنا نئے اداکاروں کے لیے ایک مشکل ہو گا۔
لیکن عامر خان اس خیال سے اتفاق نہیں کرتے، وہ کہتے ہیں کہ ’ہر چیز تخلیق ہوتی ہے اور پھر ختم ہوجاتی ہے، ایک دن آئے گا لوگ ہم خانز کو بھی بھول جائیں گے۔‘
ایک حالیہ انٹرویو میں 60 سالہ اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ’میں، سلمان خان اور شاہ رخ خان بالی ووڈ کے آخری سٹار اداکار نہیں ہیں، ہمارے بعد اور بہت آئیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم تینوں خانز بالی ووڈ کے آخری سٹار اداکار نہیں ہیں، لوگ ہمیں بھلا دیں گے بلکہ ہم تو گنتی میں بھی نہیں رہیں گے۔‘
وہ مزید کہتے ہیں کہ ’مجھے نہیں لگتا کہ ہمارے بعد کوئی سٹار اداکار نہیں ہوگا، آپ ہمیں بھول جائیں گے، یہ دنیا کی روایت ہے۔‘

تینوں اداکاروں نے اب تک کوئی بھی فلم ایک ساتھ نہیں کی (فوٹو: انسٹاگرام)

اس سے قبل عامر خان نے کچھ عرصے پہلے کہا تھا کہ وہ شاہ رخ اور سلمان خان کے ساتھ ایک فلم کرنا چاہتے ہیں اور انہیں اس کے لیے ایک اچھے سکرپٹ کا انتظار ہے۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’تین ہیرو والی فلموں کا اچھا سکرپٹ تلاش کرنا مشکل ہوسکتا ہے، میں پرانی یادوں کو چھوڑ کر سلمان خان اور شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘
یاد رہے کہ عامر خان، سلمان خان اور شاہ رخ خان نے تاحال ایک ساتھ کوئی بھی فلم نہیں کی ہے اور نہ ہی شاہ رخ خان اور عامر خان کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آئے ہیں۔ البتہ سلمان خان نے دونوں اداکاروں کے ساتھ کام کیا ہے۔
عامر خان اور سلمان خان نے کامیڈی فلم ’انداز اپنا اپنا‘ میں جبکہ سلمان خان اور شاہ رخ خان ’ کرن ارجن‘، ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘، ’ہم تمہارے ہیں صنم‘ اور ’پٹھان‘ میں ایک ساتھ نظر آئے تھے۔

شیئر: