عامر خان نے 25 سال پرانی دوست گوری سپراٹ سے ریلیشن کا اعلان کر دیا
عامر خان نے 25 سال پرانی دوست گوری سپراٹ سے ریلیشن کا اعلان کر دیا
جمعرات 13 مارچ 2025 19:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
عامر خان جمعے کو 60 برس کے ہو جائیں گے (فوٹو: انسٹاگرام)
بالی وُڈ اداکار عامر خان نے 14 مارچ کو 60 برس کے ہو جائیں گے۔
جنم دن کے موقع پرعامر خان نے میڈیا نمائندگان اور انہیں کور کرنے والے فوٹوگرافرز کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں انہوں نے کیک کاٹا اور میڈیا سے گفتگو بھی کی
بالی وڈ اداکار کا جنم دن ایک تہوار کی حیثیت رکھتا ہے، اس روز ان کے لاکھوں فینز ان کا جنم دن مناتے ہیں۔
عامر خان کے اس جنم دن کی سب سے اہم بات ان کی گرل فرینڈ گوری سپراٹ بن گئی ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق اس پریس میٹ کے دوران عامر خان نے اپنی 25 سالہ پرانی دوست گوری سپراٹ کے ساتھ ریلشن شپ کا اعلان کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’گوری اور میں 25 برس پہلے ملے تھے اور اب ہم پارٹنرز ہیں۔ ہم ایک دوسرے کے لیے بہت سنجیدہ اور کمٹڈ ہیں۔ ہم ڈیڑھ سال سے ریلیشن میں ہیں۔‘
60 سالہ اداکار نے مزید بتایا کہ انہوں نے بدھ کو اپنے ممبئی والے گھر میں اپنی گرل فرینڈ گوری کی ملاقات شاہ رخ خان اور سلمان خان سے کرائی۔
عامر خان کا کہنا تھا کہ ’گوری پروڈکشن میں کام کرتی ہیں۔ میں انہیں ہر روز گانا سناتا ہوں۔‘
اس موقع پر عامر نے اپنی فلم ’لگان‘ کے کردار بھون کا بھی تذکرہ کیا اور کہا، ’بھون کو اپنی گوری مل گئی۔‘
عامر خان نے اس موقع پر اپنی گرل فرینڈ گوری کے لیے گانا ’کبھی کبھی میرے دل میں‘ کی چند سطریں بھی گائیں۔
عامر خان کا شادی کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ ’مجھے نہیں معلوم کہ 60 سال کی عمر میں شادی مجھ پر جچتی ہے یا نہیں، میرے بچے بہت خوش ہیں۔ میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میری اپنی سابقہ بیویوں کے ساتھ بھی بہترین تعلقات ہیں۔‘
عامر خان کی دوسری شادی کرن راؤ سے ہوئی (فوٹو: اے ایف پی)
یاد رہے کہ عامر خان کی پہلی شادی 1980 میں فلم پروڈیوسر رینا دتہ سے ہوئی تھی جو 2002 تک قائم رہی۔ اس شادی سے ان کے دو بچے جنید اور ایرا خان ہیں۔
اس کے بعد ان کی دوسری شادی فلم ڈائریکٹر کرن راؤ سے 2005 میں ہوئی جس کا 2021 میں خاتمہ ہوا۔