بین الاقوامی مالیاتی امور کمیٹی کا اجلاس آج درعیہ میں ہوگا
یہ کمیٹی آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتی ہے جس میں 25 اراکین شامل ہیں‘ ( فوٹو: سبق)
آئی ایم ایف کی بین الاقوامی مالیاتی امور کمیٹی کے نائبین کا اجلاس آج درعیہ میں ہوگا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق سعودی عرب کی صدارت میں منعقد ہونے والا اجلاس کل پیر تک جاری رہے گا۔
اجلاس میں کئی اہم موضوعات پر گفتگو کی جائے گی جن میں عالمی معیشت کی حالیہ پیشرفت، عالمی مالیاتی استحکام کو مضبوط بنانے کے طریقے اور آئندہ مدت کے لیے آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر خیالات کا تبادلہ شامل ہے۔
اجلاس کا افتتاح سعودی وزیر خزانہ محمد بن عبداللہ الجدعان اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی مینیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر کرسٹالینا جورجیيفا کریں گے۔
اجلاس میں عالمی اقتصادی چیلنجز، ان سے نمٹنے کے طریقہ کار اور اس ضمن میں فنڈ کے کردار پر تبادلہ خیال کے لئے کئی اعلیٰ سطحی سیشنز بھی شامل ہوں گے۔
سعودی عرب کی کمیٹی کی صدارت اس کی علاقائی و عالمی اہمیت، کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے مضبوط وابستگی اور عالمی معیشت کے استحکام و ترقی میں اس کے کلیدی کردار کی عکاسی کرتی ہے۔
کمیٹی کا مقصد عالمی اقتصادی ترقی کو فروغ دینا، مالیاتی استحکام کو یقینی بنانا، درپیش چیلنجز کا جائزہ لینا اور ان سے نمٹنے کے لیے مناسب پالیسیوں پر غور کرنا ہے۔
یہ کمیٹی بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی پالیسیوں اور حکمت عملی کے لیے مرکزی پلیٹ فارم کی حیثیت رکھتی ہے جس میں 25 اراکین شامل ہیں جو ترقی یافتہ، ترقی پذیر اور کم آمدنی والے ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے گورنرز پر مشتمل ہوتے ہیں۔