Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور بنگلہ دیش کا 15 برس بعد دفتر خارجہ کی سطح پر مشاورت کا آغاز

ڈاکٹر محمد یونس نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ دو ملاقاتیں کی ہیں (فوٹو: وزیراعظم آفس)
پاکستان اور بنگلہ دیش نے 15 برس میں پہلی مرتبہ دفتر خارجہ کی سطح پر مشاورت کا آغاز کیا ہے۔
عرب نیوز نے بنگلہ دیشی اخبار بزنس سٹینڈرڈ کے حولے سے لکھا ہے کہ ڈھاکہ میں پاکستان اور بنگلہ دیش کی سیکریٹری خارجہ کے درمیان ملاقات ہوئی۔
اخبار کے مطابق ’2010 کے بعد یہ مشاورت ڈھاکہ میں جمعرات کی صبح شروع ہوئی۔ بنگلہ دیش کے سیکریٹری خارجہ جاسم الدین اور ان کی پاکستانی ہم منصب آمنہ بلوچ وزارت خارجہ اپنے اپنے ممالک کی نمائندگی کر رہے ہیں۔‘
اس مشاورت کا مقصد اس ماہ ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے بنگلہ دیش دورے کی راہ ہموار کرنا ہے جو 2012 کے بعد کسی پاکستانی وزیر خارجہ پہلا دورہ ہوگا۔
فروری میں بنگلہ دیش کی وزارت خوراک نے پاکستان کے ساتھ 50 برس بعد براہ راست دوطرفہ تجارت کی بحالی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلہ دیش اگلے ماہ پاکستان سے 25 ہزار ٹن چاول درآمد کرے گا۔
بین الاقوامی تعلقات کی ماہر امینہ محسن نے عرب نیوز کو بتایا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت کی بحالی بنگلہ دیش کا اہم اقدام ہے۔
گذشتہ برس اگست میں شیخ حسینہ واجد کی حکومت کے خاتمے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں تلخی کم ہونا شروع ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ ڈاکٹر محمد یونس نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ دو ملاقاتیں کی ہیں۔
حسینہ واجد کے 15 سالہ اقتدار میں پاکستان کے ساتھ تعلقات میں تناؤ اور انڈیا کی طرف جھکاؤ رہا۔ وہ طلبا تحریک کے نتیجے میں حکومت ختم ہونے کے بعد انڈیا فرار ہو گئیں جس کے بعد انڈیا اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں سرد مہری آئی۔

شیئر: