کراچی... پیپلزپارٹی کراچی ڈویژن کے صدر اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کےساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن)کے رہنماوں کا دماغی معائنہ بھی ہونا چاہیے۔دعوی سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ پاگل ہیں۔ہفتہ کو کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ کیس میں پانچواں پراسیکیوٹر بھی تبدیل کردیا گیا۔ چیئرمین نیب اور ان کا ٹولہ میرے خلاف سازش کررہا ہے۔ نیب کے پاس میرے خلاف ثبوت ہی نہیں۔ نیب نے میرے خلاف جعلی اور سیاسی کیس بنایا ہے، سندھ میں 10ہزار زمینوں کے کیس ہیں۔ اس میں صرف ڈاکٹر عاصم نظر آتا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران جے آئی ٹی سے بچ گئے تو ان کی لوٹی ہوئی ساری دولت وائٹ ہوجائے گی۔ جس طرح کی حرکتیں یہ لوگ کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ(ن)لیگ والے دباو برداشت نہیں کرسکتے۔ یہ خود ہی سازش کرتے ہیں اور پھر دوسروں پر سازش کا الزام لگاتے ہیں ۔ڈاکٹر عاصم نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں۔گھوم پھررہے ہیں تاجکستان جارہے ہیں، ہرکام کررہے ہیں۔