نئی دہلی۔۔۔۔ہند نے سکم میں چین کے ساتھ جاری کشیدگی کے نتیجے میں اپنے مزید ڈھائی ہزار فوجی سرحد پر پہنچا دیئے۔ اگرچہ لداخ سے اروناچل پردیش تک 4057کلومیٹر طویل لائن آف ایکچول کنٹرول پر اس نے سخت الرٹ جاری رکھا ہوا ہے۔ چین نے بھی وادی چنبی میں اپنی مزید فوج بھیجی ہے۔ یہ وادی سکم اور بھوٹا ن کے درمیان ہے۔ دونوں ملکوں کی فوجیں پچھلے ایک ماہ سے جاری کشیدگی کے دوران اس سرحد سے اپنی اپنی فوجیں واپس بلانے کیلئے تیار نہیں ۔مقامی کمانڈروں کے درمیان فلیگ میٹنگز بھی بے نتیجہ رہیں اور صورتحال تعطل کا شکار ہے۔کشید گی میں کمی صرف سیاسی ، سفارتی سطح پرہی ممکن ہوسکتی ہے۔باخبر ذریعہ کا کہنا ہے کہ دونوں ملکوں میں سرحدی امور کے متعلق مشاورتی اور رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے ہی صورتحال بہترہوسکتی ہے۔اس علاقے میں عام طور پر ہند اور چین کے 300سے 400فوجی تک متعین ہوتے تھے۔ ذرائع نے بتایا کہ اب وہاں ہندوستانی فوج کی تعداد میں اضافہ کیا گیاہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے 17ڈویژن سے 27ڈویژن تک فوجی موجود ہیں۔20ماؤنٹن ڈویژن کے بعض فوجیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے۔