کوئٹہ ...وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ زہری نے کہاہے کہ جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔منتخب حکومت کو غیر مستحکم کرنا ملکی مفاد میں نہیں ۔ اگر منتخب حکومت کو غیر جمہوری طریقے سے ہٹانے کی کوشش کی گئی تو اسکی بھر پور مخالفت کرینگے۔پانا مہ عملداری کیس اس وقت سپریم کورٹ میں ہے اسکا جو بھی فیصلہ آئےگا قبول کرینگے۔اپوزیشن سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ عدالتی فیصلے کا انتظار کریں۔ جے آئی ٹی کی سفارشات کو مسترد اور انہیں سازش قراردیتے ہیں۔ کسی فرد واحد کی وزیراعظم بننے کی خواہش پر منتخب حکومت کو ختم نہیں کیا جاسکتا ۔ پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کی جانب سے پانا مہ کیس سے متعلق بنائی گئی جے آئی ٹی کی سفارشات بدنیتی پر مبنی ہیں ۔جے آئی ٹی کے اراکین نے حاصل اختیارات سے تجاوز کیا اور نامکمل رپورٹ پیش کی۔ 60دن میں جو 200صفحات پر مشتمل رپورٹ بنائی گئی ہے وہ اتنے کم وقت میں بنانا کسی صورت ممکن نہیں۔ اس سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ کہیں اور سے آئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ بڑی جدوجہد کے بعد ہمیں لولی لنگڑی جمہوریت حاصل ہوئی ہے۔ میری تمام جماعتوں سے درخواست ہے کہ اسے چلنے دیں جمہوریت کو ڈی ریل نہ کریں۔