Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں مقیم پاکستانی کمیونٹی خوبصورت گلدستے کی مانند ہے، شاہ فیصل کاکڑ

 17 سالہ سروس میں جیسی کمیونٹی ریاض میں دیکھی ہے ،دنیا میں ایسی کمیونٹی اور کہیں نہیں دیکھی، محبت اور بھائی چارگی کی فضا قائم رہنی چاہئے، تقریب سے خطاب
 
ریاض (ذکاءاللہ محسن) پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے رہنما راجہ یعقوب کی طرف سے پاکستان سفارتخانہ ریاض کے قونصلر شاہ فیصل کاکڑ کے اعزاز میں الوداعیہ تقریب کا انعقاد کیاگیا۔ تقریب میں سفارتخانہ پاکستان کے اعلیٰ افسران کے علاوہ سیاسی ، سماجی، مذہبی اورادبی تنظیموں کے رہنماؤں کے علاوہ مختلف مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھر پور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی شاہ فیصل کاکڑ تھے جبکہ صدرات پاکستان سے آئے ہوئے مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما اور چیئرمین یو سی 42 سجاد خان نے کی۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کا شرف حافظ بلال کو حاصل ہوا جبکہ نظامت کے فرائض عبدالرحمن گل نے خوبصورت انداز میں سرانجام دیئے۔ شاہ فیصل کاکڑ نے خوبصورت تقریب منعقد کرنے پر پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کے تمام عہدیداروں کو مبارکباد پیش کی اور شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ میری 17 سالہ سروس میں جیسی کمیونٹی ریاض میں دیکھی ہے ،دنیا میں ایسی کمیونٹی اور کہیں نہیں دیکھی۔ریاض کی کمیونٹی ایک خوبصورت گلدستہ ہے۔ مجھے امید ہے کہ آپ آئندہ بھی آپس میں یہ اتحاد اور بھائی چارہ کی فضا قائم رکھیں گے۔ مہمان خصوصی نے مزید کہا کہ یہاں ہر پاکستانی سفیر کی ماند ہے۔ الحمدللہ پاک سعودی تعلقات دن بہ دن مضبوط ہورہے ہیں۔
سجاد خان نے اپنے صدارتی خطاب میں کہاکہ میاں نواز شریف کی حکومت کے دور میں پاکستان نے دنیا میں ایک مقام حاصل کیا ہے۔ آج ملک کی اقتصادی حالت مستحکم ہے۔ حکومت نے کافی حد تک بحرانوں پر قابو پالیا ہے اور بہت جلد بجلی کی لوڈشیڈنگ بھی مکمل طور پر ختم ہو جائےگی۔ خالداکرم رانا نے شاہ فیصل کاکڑ کی کمیونٹی کےلئے کی جانے والی نا قابل فراموش خدمات کو سراہا اور خراج تحسین پیش کیا۔خالد اکرم رانا نے مزید کہا کہ پاکستان اس وقت میاں نواز شریف کی قیادت میں ترقی کی منزلیں طے کر رہا ہے۔پاکستان کسی بھی نا تجربہ کار قیادت کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ ہم موجودہ حکومت پر بھر پور اعتماد کرتے ہیں اور 2018 میں بھی پاکستان مسلم لیگ ن کو ہی فتح حاصل ہوگی۔
تقریب میں معروف پاکستانی سائیکلسٹ محمد علی بخش نے خصوصی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرا صرف ایک ہی مشن ہے اور وہ ہے امن۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پورے سعودی عرب کا سفر سائیکل پر طے کرکے امن کا پیغام دیا ہے اور اب میں یہ امن کا پیغام دبئی ، بحرین ، کویت ، اور گلف کے دوسرے ممالک میں لے کر جاؤں گا۔ محمد علی بخش نے سعودی حکومت کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ میں سعودی عرب اور پاکستان کےلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہوں۔ 
تقریب میں رانا خادم اور جنید عباسی نے اپنے خوبصورت اشعار پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب میں دیگر جن مقررین نے خطاب کیا ان میں قاضی اسحاق میمن، شمشاد علی صدیقی، رانا خادم حسین، احسن منصور، ملک محمود اعوان، چوہدری ندیم ، جی ایم ملک ، چوہدری مجید اور دیگر نے شاہ فیصل کاکڑ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔
تقریب کے میزبان راجہ یعقوب نے شاہ فیصل کاکڑ سمیت تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ شاہ فیصل کاکڑ کی کمیونٹی کےلئے کی جانے والی خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔راجہ یعقوب نے یوتھ ونگ کے تمام ممبران کا بھی شکریہ اداکیا۔ تقریب کے آخر میں شاہ فیصل کاکڑ کو پاکستان مسلم لیگ ن یوتھ ونگ کی طرف سے یاد گاری شیلڈ پیش کی گئی۔ بعدازاں پاکستان اور سعودی عرب کی خوشحالی اورترقی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔
 
 
 
 

شیئر: