Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ابوظبی ٹیسٹ: پاکستان کے 4 وکٹوں پر304 رنز

یونس خان کی بیٹنگ کا ایک انداز
ابوظبی ...... سینیئر بیٹسمین یونس خان کی شاندار سنچری اور 127رنز کی عمدہ اننگزکی بدولت پاکستانی ٹیم نے ویسٹ انڈیز کےخلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلی اننگز میں کھیل کے اختتام تک 4وکٹوں کے نقصان پر 304رنز بنا لئے ہیں ۔ یونس خان پہلے دن کے کھیل کی آخری گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے تو خراب روشنی کی وجہ سے 6اوورز پہلے ہی میچ ختم کر دیا گیا ۔ کپتان مصباح الحق 90رنز پر کھیل رہے ہیں ۔ لیگ اسپنر یاسر شاہ کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجنے کا فیصلہ کیا گیالیکن امپائرز کے اعلان کی وجہ سے انہیں گراونڈ میں آنے کا موقع نہیں ملا ۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے شینن گبریل نے 2، دیویندرا بشو اور کریگ بریتھویڈ نے ایک ایک وکٹ لی ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی کپتان مصباح الحق نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور سمیع اسلم کے ساتھ اظہر علی اننگز کا آغاز کرنے کےلئے آئے تاہم پہلے ٹیسٹ میں ٹرپل سنچری بنانے والے اظہر علی کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں ملا اور وہ 9گیندیں کھیلنے کے بعد بغیر کوئی رن بنائے شینن گبریل کی گیند پر بولڈ ہو گئے ۔ اس وقت پاکستان کااسکور 6رنز تھا ۔ 42کے مجموعی اسکور پر سمیع اسلم بھی 6رنز بنانے کے بعد لیگ اسپنر دیویندرا بشو کی گیند پر بولڈ ہوگئے ۔ اس مرحلے پر پاکستانی ٹیم دباو کا شکار نظر آرہی تھی لیکن اسد شفیق اور یونس خان نے صورتحال کو سنبھالتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 87رنز بنائے جس سے دباو میں بڑی حد تک کمی ہو گئی ۔ اسد شفیق 68رنز کی اننگز کھیل کر آوٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 129رنز ہو چکا تھا۔ اسد شفیق نے 121گیندیں کھیلیں اور 7چوکے لگائے ۔ اسد شفیق کے بعد کپتان مصباح الحق نے یونس خان کا عمدگی سے ساتھ دیا اور دونوں نے ویسٹ انڈین بولرز کو ناکام بناتے ہوئے تیزی سے اسکور میں اضافہ جاری رکھا جس کے دوران یونس خان اپنی 33ویں سنچری جبکہ مصباح الحق نصف سنچری مکمل کرنے میں کامیاب رہے ۔ دونوں کے درمیان چوتھی وکٹ کی شراکت میں 175رنز کا اضافہ ہوا جو نیا ریکارڈ بھی ہے ۔ یونس خان نے 169گیندوں پر سنچری مکمل کی جس میں ایک چھکا اور 8چوکے شامل ہیں ۔ ان کے ساتھ مصباح الحق بھی اپنے اسکور میں تیزی سے اضافہ کرتے رہے ۔ 127کے انفرادی اسکور پر یونس خان نے ایک اونچا شاٹ کھیلا جو روسٹن چیز نے کیچ کر لیا یوں سینیئر بیٹسمین کی شاندار اننگز اختتام کو پہنچی یونس خان نے 205گیندوں پر 127رنز بنائے جس میں ایک چھکا اور 10چوکے شامل تھے ۔ ان کے ساتھ مصباح الحق 146گیندیں کھیل کر 90رنز بنا چکے تھے ۔ ان کے اسکور میں 2چھکے اور 4چوکے شامل ہیں ۔ یونس خان کے آوٹ ہونے کے بعد یاسر شاہ کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجا جا رہا تھا لےکن روشنی کی صورتحال کودیکھتے ہوئے امپائر نے 6اوورز پہلے ہی کھیل کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔ویسٹ انڈین کپتان جیسن ہولڈر نے خود بھی بولنگ کی اور دیگر 5بولر زکو بھی استعمال کیا تاہم صرف شینن گبریل ، ویویندرا بشو اور بریتھ ویٹ کو کامیابی مل سکی ۔ 

شیئر: