اب گھپلہ باز وں کا ملک سے فرار ہونا مشکل
نئی دہلی۔۔۔۔ملک میں 100کروڑ روپے یا اس سے زائد کا اقتصادی جرائم کرکے فرار ہوجانے والے ملزمان کی تمام املاک ضبط کرنے سے متعلق قانون بنانے کیلئے بل پیش کیا گیاجسے وزیر اعظم مودی کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس میں منظور کیا گیا۔وزیر خزانہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اکنامک افینڈرس بل 2018ء منظور کیا گیا جسے 5مارچ کو پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔جیٹلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کو اس طرح کے مجرموں کے ساتھ ہمدردی نہیں کرنا چاہئے ۔اقتصادی جرائم کرنے والوں کے خلاف عدالت سے گرفتاری وارنٹ جاری ہونے پر ملزم کو ’’مفرور ‘‘سمجھا جائیگا۔ اس کی ملک و بیرون ملک تمام املاک ضبط کرکے اس کے خلاف کارروائی کی جائیگی۔واضح رہے کہ وجے مالیہ بینکوں سے 9ہزار کروڑ روپے سے زائد قرض لیکر فرار ہوگئے ۔نیرو مودی پنجاب نیشنل بینک سے تقریباً13ہزار کروڑ روپے کا گھپلہ کرکے فرار ہوچکے ہیں ۔