نئی دہلی، کولکتہ۔۔۔۔اپنی تیز رفتاربولنگ سے ہندستانی کرکٹ ٹیم میں بولر کی حیثیت سے اہم مقام حاصل کرنے والے محمد شامی اپنی شادی شدہ زندگی کو مضبوط بنانے میں ناکام رہے۔ اس تیزرفتار بولر پر ان کی اہلیہ حسین جہاں نے سنگین الزامات لگاتے ہوئی کئی انکشافات کئے ۔سوشل میڈیا پر وائرل ایک پوسٹ نے پھر سے ہلچل مچا دی ۔ شامی کی اہلیہ حسین جہاں نے منگل کو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ فیس بک پر کئی اہم پوسٹ شیئرکرکے شامی پر غیر خواتین سے تعلقات رکھنے کا الزام لگایا۔انہوں نے شامی کے غیرخواتین سے ناجائز تعلقات سے متعلق11پوسٹ شیئر کئے جس میں شامی کے غیر خواتین کے ساتھ واٹس ایپ میسیج کو اجاگر کیاگیا۔
حسین جہاں نے کیا کیا انکشافات کئے؟
واٹس ایپ میسیج میں غیر خواتین کی تصاویر اور غیر اخلاقی باتیں بھی ہیں جبکہ ان میں سے کسی بھی پوسٹ میں شامی کا نام ظاہر نہیں ہورہا لیکن ان کی اہلیہ نے مقامی چینل سے بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ یہ فیس بک اکاؤنٹ انہی کا ہے اور وہ فی الحال دھرم شالا میں ہیں۔پوسٹ میں حسین جہاں نے ناگپور اور پاکستان کے شہر کراچی کی خاتون سے تعلق کا تذکرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ 2اور پوسٹ کی ہیں جس میں فاسٹ بولر شامی غیر خاتون کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔
شامی پر لگائے گئے الزامات:
حسین جہاں نے محمد شامی اور ان کے گھروالوں پر الزام لگایا کہ شامی نے انہیں ذہنی اور جسمانی اذیتیں پہنچائیں ۔ انہوں نے جنوبی افریقہ سے واپس آنے کے بعدزدوکوب بھی کیا۔حسین جہاں نے بتایا کہ ایک دن شامی کا فون میرے ہاتھ لگ گیا۔ اسے کھولنے کی کوشش کی تو اس میں پاسورڈ لگا ہوا تھا کسی ترکیب سے جب کھولا تو شامی کی غیر خواتین سے ہونیوالی تمام باتوں اور حرکتوں کا علم ہوا۔جب شامی کو اپنے فون کے غائب ہونے کا علم ہوا تو وہ بھڑک اٹھے۔حسین جہاں نے جادھو تھانے میں واقعہ کی رپورٹ درج کرادی۔