Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ہر ہم وطن معزز ہے ، قونصلیٹ میں بلا تفریق خدمت کی جاتی ہے ، ارشد منیر

 جدہ.....  پاکستان کر سچین و یلفیئر ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام قونصلیٹ میں مذہبی تقریب منعقد کی گئی جس میں ریجن میں مقیم بڑی تعداد میں پاکستانی مسیحی برادری نے شرکت کی ۔ تقریب کے مہمان خصوصی ویلفیئر قونصلر ارشد منیر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا پاکستان میں اقلیتوں کو ہر طرح کی آزادی حاصل ہے ۔ جدہ ریجن میں بھی بڑی تعداد میں پاکستانی مسیحی برادری مقیم ہے جن کا کردار انتہائی اہم ہے ۔ پاکستان قونصلیٹ کی جانب سے ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بلا تفریق ہم وطنوں کو ہر قسم کی سہولت مہیا کی جائے ۔ قونصلیٹ کے دروازے ہر پاکستانی کیلئے کھلے ہیں ۔ ارشد منیر نے مزید کہا رواداری اور جذبہ اخوت ہمیشہ سے مذہب کا طرہ امتیاز رہا ہے ۔ بیرون ملک مقیم ہر پاکستانی وطن عزیز کا سفیر ہے اور ہمیں اپنے عمل سے یہ ثابت کرنا ہے کہ ہم ایک باوقار قوم کے فرزند ہیں ۔ قونصلیٹ کی جانب سے ہمیشہ اپنے ہم وطن مسیحی بھائیوں کے ساتھ تعاون جاری رہے گا ۔ مجھے یہ بات جان کر خوشی ہوئی کہ یہاں مقیم مسیحی برادری انتہائی منظم اور مقامی قوانین کا مکمل احترام کرتی ہے۔ قبل ازیں ایسوسی ایشن کے صدر پرویز یوسف نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا  ہم سفیر پاکستان ، قونصل اور قونصلیٹ کے حکام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور ہمیشہ ہمیں اپنی مذہبی تقریبات منعقد کرنے کیلئے فراخ دلی  کامظاہر کیا ۔ پرویز یوسف نے مزید کہا موجودہ حالات میں پاکستان عالمی سازشوں میں گھرا ہوا ہے ایسے میں بعض شرپسند عناصر ملک کے امن و امان کو تہہ وبالا کرنے میں مصروف ہیں ۔ ہمیں ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جذباتی اقدام سے گریز کرنا چاہئے ۔ پاکستان میں منظم منصوبے کے تحت مسلم و غیر مسلم فسادات کرانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ اس حوالے سے میں اپنی برادری کو یہی پیغام دوں گا کہ وہ ہمیشہ  کی طرح پرامن رہیں ساتھ ہی چیف جسٹس سے اپیل ہے کہ وہ ان سازشوں کا نوٹس لیں اور ملک میں فسادات بھڑکانے کی کوشش کرنے والوں کو کیفر کردار تک پہنچائیں ۔ ہر پاکستانی مسیحی کی نظریں چیف جسٹس پر لگی ہوئی ہیں تاکہ انصاف کا بول بالا ہو اور ملک میں انارکی پیدا کرنے کی کوششیں ناکام ہوں ۔ آخر میں یہ کہوںگا کہ ہم روز اول سے پاکستانی ہیں اور ہمیں اپنے وطن پر فخر ہے ۔ ایسوسی ایشن کے نائب صدر پیٹرک فلک شیر نے اپنے خطاب میں مذہبی دن کے حوالے سے کمیونٹی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہم پرامن پاکستانی شہری ہیں مگر بعض عناصر اپنی گھناونی سازشوں کے ذریعے ملک کے امن سے کھیلنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ وہ لوگ ملک سے بھائی چارے کی فضا کو مکدر بنانے کے خواہاں ہیں مگر میں یہی کہوں گا کہ پاکستان کی جڑوں میں ہمارے آباء کابھی خون شامل ہے اس لئے ہم  مل کر ہر سازش کوناکام بنائیں گے ۔ عالمی حالات جس رخ پر جارہے ہیں ایسے میں ہر ایک کو برداشت اور عد م تشدد کی راہ اپنا نی ہو گی ۔ تقریب کی نظامت جان گلزار نے کی جبکہ اسد اکرم ، مسرت خلیل اور جمیل راٹھور نے بھی مسیحیوں کے مذہبی تہوار پر انہیں مبارک باد پیش کی ۔
 

شیئر: