Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سپریم کورٹ ایس سی، ایس ٹی ایکٹ پردیئے گئے فیصلے پرقائم

نئی دہلی۔۔۔۔۔سپریم کورٹ نے شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائبز پر دیئے گئے فیصلے واپس لینے سے انکار کردیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے دوبارہ سماعت کی درخواست پر شنوائی کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ اس فیصلے پر اسٹے جاری نہیں کریگی تاہم 10دنوں بعددوبارہ سماعت کیلئے تمام پارٹیوں سے جواب طلب کیاہے۔ اس سے قبل اٹارنی جنرل کی جرح  سننے کے بعد سپریم کورٹ نے کہا کہ  ایس سی، ایس ٹی قانون کے تحت شکایت درج کرانے والوں کو فوراً فیصلہ ملنا چاہئے ۔دلت تنظیموں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے متنازعہ فیصلے سے ملک گیر ہڑتال اور ہنگامے برپا ہوگئے ہیں لہذا اس معاملے کی جلد سماعت ہونی چاہئے۔ چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت میں 3رکنی بنچ نے مرکزی حکومت کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت سے انکار کردیا۔حکومت نے کہا کہ عدالت کا حالیہ فیصلہ ایس سی اور ایس ٹی طبقہ کے لوگوں کے حقوق کے خلاف ہے۔مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ سے کہا کہ وہ کھلی عدالت میں اس معاملے کی سماعت کرے اور زبانی حمایت کرنیوالوں کوبھی موقع فراہم کرے۔ واضح ہو کہ فیصلے پردوبارہ  غور کرنے کی درخواست پر سماعت عموماً جج کے چیمبر میں ہوتی ہے۔

یہ ہے سپریم کورٹ کا فیصلہ:

حال ہی میں سپریم کورٹ نے ایس سی ، ایس ٹی ایکٹ 1989میں ظلم کے خلاف براہ راست گرفتاری پر روک لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔ عدالت نے کہا تھا کہ شیڈول کاسٹ اور شیڈول ٹرائبز ایکٹ کے تحت درج کئے گئے مقدمات میں فوراً گرفتاری کے بجائے ابتدائی تحقیقات کی جائے۔ کیس درج کرنے سے قبل ڈی ایس پی یا اس درجے کا اعلیٰ افسر واقعہ کی ابتدائی تحقیقات کریگا اور ساتھ ہی سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا تھا کہ بعض معاملات میں ملزم کو قبل از گرفتاری ضمانت بھی مل سکتی ہے ۔ دلتوں کا مطالبہ ہے کہ قانون میں اس ترمیم کو واپس لیا جائے۔
مزید پڑھیں:- - - - - -’’ہندوستان بند ‘‘کے دوران پُرتشددمظاہرے،5ہلاک

شیئر: