راجستھان: 87ججوں کا تبادلہ، سلمان کو سزا سنانے والے جج کا ٹرانسفر
جے پور۔۔۔۔۔راجستھان میں جمعہ کی رات گئے 87ضلع ججوں کا تبادلہ کردیا گیا۔ ان میں جودھپور کے وہ جج بھی شامل ہیں جنہوں نے بالی وڈ کے اداکار سلمان خان کو 1988ء میں 2کالے ہرن کا شکار کرنے کے معاملے میں 5سال قید کی سزا سنائی تھی۔سلمان خان نے ضمانت کیلئے سیشن کورٹ میں اپیل کی جس پرفیصلہ آنا ہے لیکن ججوں کے تبادلے سے ان کی درخواست ضمانت پر ہونیوالے فیصلے پر قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ واضح ہو کہ جودھپور عدالت نے جمعرات کو بالی وڈ کے ممتاز اداکار سلمان خانپر 20سال قبل کالے ہرن کے شکار کے معاملے میں 5سال قید اور 10ہزار روپے جرمانہ عائد کیا۔ جبکہ دیگر ملزمان کو بری کردیا گیا۔ اپنی سزا کیخلاف سلمان نے سیشن کورٹ میں اپیل دائر کی جس پر جج ربندر کمار سونگرا سماعت کرینگے ۔واضح ہو کہ جمعہ کو سلمان کی ضمانت کی اپیل اور سزا کے معطل ہونے پر سماعت ہوئی اس میں دونوں فریقوں نے سزا کی معطلی پر بحث کی جس کے بعد ضمانت کی درخواست پردلائل پیش کئے گئے ۔