Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

میمن برادری امن، محبت اور فلاحی کاموں کی شہرت رکھتی ہے، طیب موسانی

ماسا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں، اقبال ایڈوانی، میمن کمیونٹی پیغام دیتی ہے کہ جہاں رہیں گے ایک بن کے رہیں گے، عرفان کولسا والا
* * *
زبیر پٹیل ۔ جدہ
    گزشتہ دنوں ’’ورلڈ میمن ڈے‘‘ کے موقع پر میمن ایسوسی ایشن سعودی عرب (ماسا)کی جانب سے تقریب کا اہتمام جدہ کے مقامی ہوٹل میں کیا گیاجس میں میمن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ بزنس کمیونٹی اور صحافی برادری نے بھی شرکت کی۔
    تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جس کی سعادت احمد کمال مکی نے حاصل کی۔ حمد باری تعالیٰ اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم بالترتیب احمد عرفان کولسا والا اور محمد جاوید اشرف نے پیش کی۔ مہمان خصوصی محمد یوسف میمنی اور محمد امین میمنی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ میزبانی کے فرائض سراج آدمجی اور محمد سراج لالہ نے اردو اور میمنی زبان میں ادا کئے جسے حاضرین محفل نے بیحد پسند کیا۔
     ماسا کے سیکریٹری جنرل طیب موسانی نے اپنے خطاب میں ماسا کی کارکردگی کے حوالے سے سیر حاصل گفتگو کی اور کہا کہ ہمارا نصب العین لوگوں کی خدمت کرنا ہے ۔ ماسا ایک منظم طریقے سے  انسانیت کی خدمت کررہی ہے۔ اس کام میں ہمارے ساتھ اس وقت برادری کے بہت سارے لوگوں کا تعاون حاصل ہے۔ میمن کمیونٹی کا کہناہے کہ دنیا بھر میں جہاں اور دوسرے دن منانے کا رواج ہے وہیں آج کے دن کو ہم میمن ڈے کے طور پر مناتے ہیں۔ 10سال قبل میمن ویلفیئر فورم تشکیل دیا گیاتھا اور آج فورم کی 10ویں سالگرہ ہے ۔ اس موقع پر تمام مہمانوں کو شال اور گلدستہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں  دسویں سالگرہ کاکیٹ کاٹا گیا۔ 
    اس موقع پر ماسا کے صدر عرفان حاجی احمد کولسا والا نے اپنے خطاب میں کہا کہ میمن کمیونٹی دنیا بھر میں بسے اپنے لوگوں کو پیغام دیتی ہے کہ وہ جہاں بھی رہیں ایک ہیں اور رہیں گے۔ مہمان خصوصی محمد یو سف میمن اور محمد امین میمن نے پروگرام کو بیحد سراہا۔
    پیٹرن محمد اقبال ایڈوانی نے ماسا کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اللہ رب العزت کا شکر گزار ہونا چاہئے کہ ہم اسکے بندوں کی خدمت کررہے ہیں۔
    اس پروگرام میں احمد کمال مکی، عبدالقادر افریقہ والا، محمدسراج آدمجی اور عبدالقادر تیلی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اختتامی کلمات عبدالرشید قاسمانے پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میمن برادری کیلئے انتہائی اہمیت کاحامل ہے اور ہم تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
    پروگرام کا اختتام پرتکلف عشائیے پر ہوا۔
مزید پڑھیں:- - - -ریاض میں آرکیٹکٹ رحمان سلیم کی وداعی تقریب

شیئر: