بردبار اور متحمل مزاج ممالک میں ہند چوتھے مقام پر، سروے
نئی دہلی۔۔۔۔مودی حکومت قائم ہوتے ہی ملک کے عوام میں برداشت کا مادہ کم اور عدم برداشت کا ماحول پیدا ہوتا جارہا ہے۔اس کے باوجود ایک سروے کے مطابق ہندوستان قوت برداشت کی صلاحیت رکھنے والے ممالک کی فہرست میں چوتھےدرجے پر ہے۔ کینیڈا، چین اور ملائیشیا کے بعد ہندوستان کا نمبر آتا ہے۔یہ سروے اس سال’’ Ipsos MORI‘‘کی جانب سے کرایا گیا ہے۔ تحقیق کیلئے 27ممالک میں تقریباً 20ہزار افراد کا انٹرویو کیا گیا۔ اس میں اُن پہلوؤں کو سامنے لانے کی کوشش کی گئی جو معاشرے کی تقسیم کا باعث بن رہے ہیں۔سروے کے مطابق 63فیصد ہندوستانی عوام مختلف طبقات ،نظریات اور ثقافت سے تعلق رکھتے ہیں جس کی بنیاد پر ہند کو بردبار ملک مانا جاتا ہے۔وہیں ہنگری کے لوگ اپنے ملک کو سب سے کم بردبار مانتے ہیں۔ اسکے بعد جنوبی کوریا اور برازیل آتے ہیں۔سروے کے مطابق 49فیصد لوگوں کا خیال ہے کہ سیاسی اختلافات ہی ہندوستان میں کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔48فیصدلوگوں کا خیال ہے کہ اس کی اصل وجہ مذہب ہے جبکہ 37فیصد کی رائے ہے کہ معاشی بدحالی ہے۔53فیصدہندوستانیوں کا گمان ہے کہ مختلف خاندانوں ، ثقافتوں یا نظریات رکھنے والوں سے تعلقات استوار کرنے پر آپسی بھائی چارے کی فضا بحال ہوتی ہے اور جذبات کوسمجھنے اور ایک دوسرے کے تئیں دلوں میں احترام پیدا ہوتا ہے۔