کرناٹک سے کیرانہ تک کنول کھلے گا، راج ناتھ سنگھ
لکھنؤ۔۔۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنؤ میں 2روزہ دورے کے دوران سی ایم ایس میں منعقدہ ٹیچرز کانفرنس میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ اساتذہ پر پوری قوم کی تعمیر کی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ انہوں نے میڈیا اور اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ کرناٹک میں بی جے پی کی فتح یقینی ہے۔ یوپی کے نظم و نسق اور بڑھتے ہوئے جرائم سے متعلق سوالات پر وزیر داخلہ نے صرف اتنا کہنے پر اکتفا کیا کہ حالات اس وقت پہلے سے بہتر ہیں۔ کرناٹک انتخابات کے سلسلے میں انہوں نے کہا کرناٹک میں مکمل اکثریت کے ساتھ بی جے پی اقتدار میں آئیگی۔ کرناٹک سے کیرانہ تک کنول کھلے گا ۔واضح ہو کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے بعد یوپی کے ضلع کیرانہ میں بی جے پی لیڈر حکم سنگھ کی موت پر خالی ہونے والی نشست کیلئے لوک سبھا کے ضمنی انتخابات ہونگے۔اس نشست کیلئے بی جے پی نے حکم سنگھ کی بیٹی کو پارٹی کا امیدوار نامزدکیاہے۔سماج وادی پارٹی نے قومی لوک دل کی امیدوار تبسم حسن کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔