بنگلور ۔۔۔۔سپریم کورٹ نے بی جے پی کے یدیورپا کی تقریب حلف برداری پر پابندی لگانے سے انکار کردیا۔ یدیو رپانے آج صبح ساڑھے 9بجے وزیر اعلیٰ کے منصب کاحلف اٹھایا۔وہ ریاست کے 25ویں وزیر اعلیٰ ہیں جو تیسری بار اس عہدے پر فائز ہوئے۔انہیں کبھی مشترکہ رکن اسمبلی نے اپنی حمایت واپس لیکر وزارت سے بیدخل کیا تو کبھی منصب کا غلط استعمال، لوٹ مار اور گھپلے بازی کا الزام لگا۔یدیورپا کے حلف اٹھاتے ہی کانگریس کے تمام ارکان اسمبلی ہاؤس کے احاطے میں نصب مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے قریب دھرنے پر بیٹھ گئے۔یدیورپا نے آزاد رکن اسمبلی آر شنکر اور ناگیش کی حمایت حاصل ہونے کی بات کہی تھی جبکہ وہ دونوں ان کیخلاف دھرنے میں شامل ہیں۔
٭کانگریس صدر راہول گاندھی نے ٹویٹر پر تحریر کیا کہ بی جے پی اکثریت حاصل نہ کرنے کے باوجود کرناٹک میں حکومت قائم کرنے پر بضد ہے۔ یہ آئین کے ساتھ مذاق ہے۔آج ایک طرف بی جے پی اپنی جیت کا جشن منارہی ہے تو دوسری جانب ہندوستان جمہوریت کی شکست پرغم منائے گا۔