اسٹرلائٹ کیخلاف مظاہرہ ، پولیس فائرنگ سے مرنیوالوں کی تعداد13ہوگئی
نئی دہلی۔۔۔۔تمل ناڈو کے توتیکورن علاقہ میں اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ پولیس فائرنگ سے مرنیوالوں کی تعداد 13 تک پہنچ گئی جبکہ 70 سےزائد زخمی ہوئے جنہیں علاج کیلئے مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا۔۔ ساحلی علاقوں میں کثیرتعداد میں سیکیورٹی دستے تعینات کئے گئےہیں۔علاقے میں دفعہ144نافذ اور آئندہ 5 دنوں تک انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔تمل ناڈو کے توتیکورن میں احتجاجی مظاہروں کے سبب اسٹرلائٹ کاپر پلانٹ بند ہونے سے 32500 ملازمتوںپر اثر پڑے گا۔ ان میں سے 3500 لوگوں کے روزگار پر براہ راست اثر پڑے گا جبکہ 30 سے 40 ہزار ملازمتیں متاثر ہونگی ۔ پلانٹ میں 2500 ملازمین روزانہ کی بنیاد پر کام کررہے ہیں۔کارخانہ بند ہونے سے سیکڑوں افراد بیروزگار ہو گئے جو لاجسٹکس، ٹرانسپورٹ، کاپر وائر یونٹ و دیگر شعبوں سے منسلک تھے۔ پلانٹ بند ہونےسے علاقے میں معاشی بحران پیدا ہوگیا ہے۔تامل ناڈو آلودگی کنٹرول بورڈنے پلانٹ کا لائسنس تجدید کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ بورڈ ذرائع کے مطابق اسٹرلائٹ نے فضلہ جات ندیوں میں بہاتے ہوئے ماحولیات کے اصولوں کی خلاف ورزی کی۔اسٹرلائٹ نے بورڈ کے الزامات کی تردید کی ۔ مقامی لوگوں میں آلودہ پانی سےکینسر ہونے کے بارے میں کمپنی کے سی ای او رام ناتھ نے کہا کہ یہ سب افواہ ہے ،حقیقت سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔