Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قرآن کریم کا 7کلومیٹر طویل نسخہ تیار کیا ہے، محمد قمر سلطان

خطاطی پر بہت سے ملکوں نے ایوارڈز دیئے ،حکومت پاکستان کی طرف میرے فن کو پذیرائی نہیں ملی،جدہ کے سالٹ اینڈ پیپر ریسٹورنٹ  میں پاکستانی خطاط کے اعزاز میں تقریب
     جدہ(جاوید راہو )- -  - - جدہ میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی خطاط محمد قمر سلطان کے اعزاز میں سالٹ اینڈ پیپر ریسٹورنٹ کے محمد ایوب چوہدری نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیاجہاں افطار و ڈنر کے بعدان کے فن اورزندگی پر ایوب چوہدری نے بھر پورروشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ قمر سلطان سے میرے بہت پرانے مراسم ہیں چنانچہ جب مجھے اطلاع ملی کہ موصوف عمرہ اور زیارت مسجد نبوی شریف کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب آئے ہوئے ہیں تو میں نے ان کے اعزاز میں تقریب کے انعقاد کاشرف حاصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ قمر سلطان پہلے خطاط ہیں جنہوں نے قران پاک کے 15سپارے جو مکی سورتوں پرمبنی ہیں، خانہ کعبہ اور15سپارے جو مدنی سورتوں پر مبنی ہیں، وہ  مسجد رسول کے گنبد خضرا کے نقشے پر اپنے ہاتھ سے لکھ کر قران کریم کی غیر معمولی خطاطی کا کارنامہ انجام دیاہے۔اس کے علاوہ انہیں دنیا کا سب چھوٹا قران پاک کا نسخہ تیار کرنے کا اعزازبھی حاصل ہے۔ انہیں بہت سے ملکوں نے بے شمار ایواڈز سے نوازا ہے۔قمر سلطان پاکستان کی زرعی یونیورسٹی میں طلبا کو فن خطا طی کی تعلیم بھی دے رہے ہیںاور جوطلبا تحقیقی مضامین لکھتے ہیں ،وہ بھی ان کے پاس آتے ہیں۔تقریب میںقمر سلطان کے مختلف فن پاروں پر مبنی پوسٹرز کی رونمائی بھی کی گئی۔
     خطاط محمد قمر سلطان نے ا س موقع پر اپنے فن پاروں اور زندگی کے مختلف ادوار کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ابتدا میں ایک بہترین مصور تھے اور ریڈیو پاکستان فیصل آباد سے خطاطی پر پروگرام نشر کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ وہ 1982ء سے باقاعدہ خطاطی کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اب تک میرے ہاتھ کے لکھے ہوئے قران کریم کی غیر معمولی خطاطی کے فن پرحکومت ِ پاکستان کی طرف کوئی پذیرائی نہیں ملی اور نہ ہی کسی ایوارڈسے نوازا گیا ۔ دنیا کے بیشتر ممالک نے میری پذیرائی کی اوراعزازات بھی عطا کئے ۔ان میں خاص طور پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ عبداللہ رحمہ اللہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے میں نے سعودی عرب کے قومی پرچم  پرقران کریم لکھ کرشاہ عبداللہ رحمہ اللہ کوپیش کیا تھا جس پر انہوں نے مجھے خصوصی طور پر بلا کر ایک خطیر رقم انعام کے طور پر دی تھی۔ مجھے ایران سے پرائز آف پرفارمنس بھی ملا ہے۔
    قمر سلطان نے بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں قرآن کریم کا دنیا کا سب سے طویل نسخہ بھی تیار کیا ہے۔ اس کی لمبائی 7کلومیٹر ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں یہ نسخہ حکومت سعودی عرب کو پیش کرنا چاہتا ہوں۔
مزید پڑھیں:- - - -کشمیر کمیٹی جدہ کی جانب سے کشمیر میں قتل عام کی مذمت
 

شیئر: