زندگی میں دنوں کا نہ سہی ، دنوں میں زندگی کا اضافہ کرسکتے ہیں ، میر محمود علی
ریاض میں حیدرآباد پین اینڈ پیلی ایٹیو کیئر ٹرسٹ کے نئے چیپٹر کا قیام ،ڈاکٹر اشرف ،محمد رفیق ،قدرت نواز اور اعجاز احمد خان کا خطاب
* * * *
امین انصاری۔ جدہ
حیدرآباد پین اینڈ پیلی ایٹیو کیئر ٹرسٹ ( ایچ پی پی سی ٹی)نے ریاض میں بڑے پیمانے پر آگہی پروگرام کا اہتمام کیا جس میں ایچ پی پی سی ٹی کے جنرل سیکریٹری مرزاقدرت نواز بیگ نے بتایا کہ ایسے مریض جنہیں سرطان اور ایڈز جیسی شدید اور زندگی کیلئے خطرہ قرار دی جانے والی بیماریاں لاحق ہوجاتی ہیں انہیں خصوصی توجہ کی ضرورت ہوتی ہے ۔ ایسے مریض نہ صرف خود متاثر ہوتے ہیں بلکہ انکے خاندان کے افراد اور اعزہ بھی شدید نوعیت کی نفسیاتی اور جذباتی کیفیات سے دوچار ہوتے ہیں ۔ انہیں اچھے ماحول میں نگرانی اور نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے ۔
حیدرآباد پین اینڈ پیلی ایٹیو کیئر ٹرسٹ اپنی ماہرین کی ٹیم کے ہمراہ خصوصی خدمات فراہم کرتی ہے جسکا مقصد مریض کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانا اور ان کے اہل خاندان کا خیال رکھنا ہے ۔منظم اور ماہر کارکنوں پر مبنی ایچ پی پی سی ٹی کی ٹیم مریض اور ڈاکٹروں سے تعاون کرتی ہے اور انہیں طبی ، سماجی ، جذباتی ، طبعی تعاون فراہم کرتی ہے ۔انہوں نے پروجیکٹر کے ذریعے ایچ پی پی سی ٹی کی کارکردگی کو عوام کے سامنے پیش کیا اور کہا کہ پیلی ایٹیو نگہداشت کا تصور ہمارے معاشرے میں عام نہیں ۔کمیونٹی کو اس قسم کی حساس اور اہم خدمات کے بارے میں جاننے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایچ پی پی سی ٹی حیدرآباد میں ایک تربیتی مرکز بنانے کا منصوبہ بنارہی ہے ۔
ایچ پی پی سی ٹی کے چیئرمین میر محمود علی نے اس موقع پر ٹرسٹ کی سرگرمیوں اور مستقبل کے حوالے سے اس کے ویژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹرسٹ کے کارکنوں نے بے شمار کینسر کے مریضوں ، جن کے زخم ناسور بن گئے تھے، جو زندگی سے بے زار اور معاشرے کے نکالے ہوئے تھے، ایسے مریضوں کو ٹرسٹ کے رضاکار مرض کی اذیت سے نجات دلانے کی بھر پور کوشش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم کینسر کے آخری اسٹیج پر پہنچنے والے مریضوں کی زندگی میں دنوں کا اضاضہ تو نہیں کرسکتے لیکن ہاں ان کے بچے ہوئے دنوں میں زندگی کا اضافہ ضرور کرسکتے ہیں ۔ اسی مقصد کو لیکر مجھ سمیت ، مرزا قدرت نواز بیگ ، اعجاز احمد خان ، عبدالسبحان ، احمد عبدالحکیم ، محمد فاروقی شہباز، محمد کلیم اور دیگر متعدد افرادخدمات انجام دے رہے ہیں جسکے لئے ہم تعاون کرنے والے تمام احباب کے مشکور ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاض کے دردمند احباب کی خواہش پر ریاض چیپٹر ایچ پی پی سی ٹی کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے ۔ریاض میں مقیم کمیونٹی کی انتہائی فعال شخصیت ڈاکٹر محمد اشرف علی کو ایچ پی پی سی ٹی ریاض چیپٹر کا سربراہ نامزد کرنے کا ٹرسٹیز اور ذمہ داران نے فیصلہ کیا ۔ڈاکٹر اشرف کئی دہائیوں سے ہندوستانی کمیونٹی کی خدمات کا فریضہ انجام دے رہے ہیں ۔ اس آگہی پروگرام کے شرکاء نے ڈاکٹر محمد اشرف علی کی نامزدگی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کیا اور توقع ظاہر کی کہ وہ ٹرسٹ کیلئے بہت کچھ کریں گے ۔
ڈاکٹر اشرف نے کہا کہ متعدی بیماریوں کے مریض اپنی زندگی سے مایوس ہوکر موت کا انتظار کرتے ہیں۔ ایسے میں اگر ہم انکے دلوں میں بچی ہوئی زندگی کو خوشگوار گزارنے کیلئے انکے زخموں پر مرہم رکھتے ہیں تو یقینا اللہ تعالیٰ کے فضل کے مستحق ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جہاں خاندان والے ایسے مریضوںکی موت کا انتظار کرتے ہیں، ہم ان تک پہنچ کر مریضوں کی نگہداشت کا طریقہ سکھاتے ہیں اور مریض سے بہتر رویہ اختیار کرنے کی تلقین کرتے ہوئے ہمارے رضاکار انہیں میڈیسن اور تربیت دیتے ہیں ۔ یہ دکھی انسانیت کی بہت بڑی خدمت ہے ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ اس کار خیر میں ریاض کے لوگ یقینا ان کا ساتھ دیں گے ۔
ریاض کے معروف تاجر محمد رفیق نے ڈاکٹر اشرف کو ذمہ داریاں سونپے جانے پر ٹرسٹیز کا شکریہ ادا کیا اور اس امر کی یقین دہانی کرائی کہ وہ ریاض میں ہندوستانی کمیونٹی کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے ۔
ایچ پی پی سی ٹی کے ٹرسٹی اور جدہ میں حیدرآبادی کمیونٹی کے سینیئر رہنما اعجاز احمد خان نے ریاض میں ہندوستانی کمیونٹی کی جانب سے ثقافتی اور سماجی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے پر ان کی ستائش کی ۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ریاض چیپٹر دکھی انسانیت کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کا استعمال کریگی ۔
سینیئر صحافی میر محسن علی نے اس آگہی پروگرام کی نظامت کی۔ حافظ خواجہ علیم الدین نے قرآن کریم کی تلاوت کا اعزاز حاصل کیا ۔ اس موقع پر پذیرائی کے طور پر عبدالسبحان اور محمد فاروقی شہباز کو مومنٹوز پیش کئے گئے ۔اسکے علاوہ معاونین ، بہی خواہوں نیز ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والی شخصیات کو بھی پذیرائی کی سندیں پیش کی گئیں ۔