بیوی کے جسم کے 7ٹکڑے کرنیوالا ملزم گرفتار
نئی دہلی۔۔۔۔دہلی پولیس نے ساجد علی انصاری کو اہلیہ کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا ۔ ساتھ ہی اس کے 2بھائیوں کو بھی گرفتار کیا جو قتل کی واردات میں ملوث تھے۔ ساجد نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد بھائیوں کی مدد سے لاش کے 7ٹکڑے کرکے پارسل باکس میں بند کرکے ٹھکانے لگائے تھے ۔یہ واقعہ 21جون کوپیش آیا ۔ دہلی پولیس کو لاش پارسل باکس میں بند سریتا وہار سے ملی تھی۔اس سنسنی خیز واردات کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی۔پولیس کے سامنے سب سے بڑا چیلنج لاش کی شناخت کا تھا۔ ابتدائی طور پر علاقے میں رہنے والے لوگوں کے غائب ہونے کے سلسلے میں معلومات جمع کرنی شروع کی لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ خاتون کے کپڑے سے بھی مختلف افرادسے معلومات حاصل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کچھ پتہ نہیں چل سکا۔پولیس نے مختلف تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دیکر وسیع پیمانے پر تفتیشی کارروائی شروع کی ۔ اچانک دہلی پولیس کے ہاتھ ایسا سراغ لگا جس نے قاتلوں کو سلاخوں کے پیچھے پہنچادیا۔
دراصل جس پارسل باکس سے خاتون کی لاش کے ٹکڑے برآمد ہوئے اس پر گروگرام کی مووَرز اینڈ پیکرز کمپنی کا نام درج تھا۔فوراً پولیس کی ایک ٹیم کمپنی کے پتہ پر پہنچی ۔ کمپنی کے ملازم نے بتایا کہ یہ پارسل باکس اسی کمپنی کا ہے جسے ایک جاویداختر نامی شخص نے یواے ای سے بک کرایاتھا جس میں ان کا سامان تھا۔ پولیس ٹیم جاوید اختر کا پتہ حاصل کرکے علی گڑھ پہنچی اور اس سے اس پارسل کے بارے میں پوچھ گچھ کی۔ جاوید نے بتایا کہ اس نے چند باکس اپنی نوکرانی کو دیئے تھے اور باقی باکس دہلی کے گھر شاہین باغ علاقے میں رکھے تھے جہاں ساجد علی انصاری نامی شخص کرائے کے طور پر مقیم ہے ۔ پولیس جاوید اختر کی نوکرانی کے پاس پہنچی ۔وہاں خالی باکس مل گئے۔ اس کے بعد پولیس دہلی میں جاوید کے شاہین باغ میں واقع مکان پر پہنچی تو وہاں تالا لگا ہوا تھا۔ اس سے پولیس کا شک یقین میں بدل گیا۔ پولیس نے آس پاس کے لوگوں سے ساجد کے بارے میں معلومات جمع کرنی شروع کی تو معلوم ہوا کہ ساجد یہاں کے لوگوں سے کہہ رہا تھاکہ وہ گھر خالی کرکے جارہا ہے۔پولیس نے تلاش بسیار کے بعد قاتل کو گرفتار کرلیا۔ تفتیش کے دوران ساجد نے پولیس کوبتایا کہ اس کا تعلق ایک لڑکی سےہوگیا تھا اور دوسری جانب وہ بیروزگاربھی جس کی وجہ سے بیوی سے اکثر جھگڑا ہوا کرتا تھا۔ اسی وجہ سے طیش میں آکر بیوی کو 21جون کی رات گلا دباکر قتل کر دیا اور پھر دونوں بھائیوں کی مدد سے اس کی لاش کے ٹکڑے کرکے پارسل باکس میں ڈال کر ٹھکانے لگا دی تھی۔ ساجد بی ٹیک انجینیئر ہے لیکن بیروزگار تھا۔ اب وہ اور اس کے دونوں بھائی سلاخوں کے پیچھے بھیج دیئے گئے۔