فلیٹوں میں رہنے والوں کو براہ راست بجلی کنکشن کی سہولت
جمعرات 12 جولائی 2018 3:00
لکھنؤ۔۔۔۔اتر پردیش میں فلیٹوں میں رہائش پذیرافراد،فلیٹ مالکان اور کرایہ داروں کے مابین شکایات کے بعد یوپی حکومت نے فیصلہ کیا کہ فلیٹ کے مکینوں کو علیحدہ بجلی کنکشن کی سہولت فراہم کی جائے۔یوپی بجلی کمیشن نے تعمیراتی شعبہ میں کام کرنیوالی ایجنسیوں کو سنگل پلانٹ بجلی کنکشن کی فراہمی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کثیر المنزلہ عمارتوں میں رہنے والے افراد بجلی سپلائی کمپنیوں سے براہ راست کنکشن حاصل کرسکیں گے۔جن لوگوں نے پہلے سے سنگل پوائنٹ بجلی کنکشن لے رکھے ہیں انہیں 31مارچ تک تبدیل کراسکتے ہیں۔واضح ہو کہ بجلی بل کے معاملے میں بلڈرز اپنی من مانی کرتے رہے ہیں۔یوپی کے وزیر توانائی شری کانت شرما نے بتایا کہ نوئیڈا میں اجلاس کے دوران متعدد افراد نے ملاقات کرکے شکوہ کیا کہ بجلی بل کے معاملے میں تعمیراتی ادارے اور بلڈرزبجلی کنکشن کے نام پر منہ مانگی رقم وصول کرتے ہیں۔ان شکایتوں کے ازالے کیلئے وزیر توانائی نے محکمہ بجلی سے بات چیت کی۔ دہلی اور کیرالا میں پہلے سے ہی فلیٹوں میں رہائش پذیر افراد کو علیحدہ کنکشن کی سہولت مہیا ہے۔یوپی حکومت کے اس فیصلے سے لاکھوں فلیٹ مالکان اور کرایہ داروں کو راحت ملے گی۔