انتخابات قریب آتے ہی سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی
کراچی: 25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک بھر میں سیاسی درجہ حرارت گرم ہے۔ انتخابی سرگرمیاں اپنے عروج پر ہیں اور امیدوار اپنے اپنے حلقوں میں عوام سے ووٹ مانگنے کے لیے نکلے ہوئے ہیں۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضوابط کے مطابق سیاسی جماعتوں کے پاس اپنی انتخابی مہم چلانے کے لیے صرف 4 روز باقی رہ گئے ہیں۔ اس حوالے سے ملک بھر میں سیاسی گہما گہمی تیزی سے جاری ہے۔
قواعد و ضوابط کے مطابق بدھ کے روز ہونے والے عام انتخابات سے ایک روز قبل سیاسی جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم ختم کرنا لازمی ہے، اسی لحاظ سے عوامی جلسوں اور کارنر میٹنگز سمیت ریلیوں اور دیگر سرگرمیوں میں غیر معمولی تیزی نظر آ رہی ہے۔
تازہ اطلاعات کے مطابق انتخابی مہم کے سلسلے میں ن لیگ کے صدر شہباز شریف آج سوات اور فیصل آباد میں جلسے سے خطاب کریں گے جبکہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ملتان اور بہاولپور میں عوامی طاقت دکھائیں گے ۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کراچی میں ائر پورٹ، اسٹار گیٹ اور گلستان سوسائٹی میں کارکنان سے خطاب کریں گے اُدھر متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن ٹانک اور لکی مروت میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان حیدرآباد کے علاقے پکا قلعہ میں عوام کو ووٹ کے لیے قائل کرے گی۔