نواز شریف کیخلاف نیب ریفرنسز کی سماعت ملتوی
اسلام آباد: نیب عدالت نے سابق وزیر اعظم اور ن لیگ کے قائد نواز شریف کے خلاف زیر سماعت العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت یکم اگست تک ملتوی کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق نیب عدالت کے جج محمد بشیر نے ریفرنسز کی سماعت کی۔ اس دوران قومی احتساب بیورو کے پراسیکیوٹر سردار مظفر اور نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کے معاون وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔جج کے استفسار پر خواجہ حارث کے معاون وکیل نے بتایا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں کل نوازشریف، مریم نواز اورداماد کیپٹن (ر) صفدرکی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کی معطلی اوررہائی کے حوالے سے درخواستوں پرسماعت ہوگی۔ جس پرفاضل جج نے کہا کہ کل دیکھ لیتے ہیں کہ ہائی کورٹ سے کیا ہدایات آتی ہیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت یکم اگست تک کے لیے ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ نواز شریف، مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدرنے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کی معطلی اوررہائی کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دائرکررکھی ہیں، جن کی سماعت کل ہوگی۔