کیرالا : سیلاب سے تباہ شدہ مکان دیکھ کر خود کشی کرلی
کوچی۔۔۔۔کیرالا میں سیلاب کی تباہ کاریوں نے لاکھوں افراد کے خواب چکناچور کردیئے ۔ برسوں کی گاڑھی کمائی سے بنائے گئے مکان اور اس میں زندگی کے حسین لمحات گزارنے کے ارمانوں کا خون ہوتا دیکھ کر کوتھڈو میں کدمک کڈی میں 54سالہ راکی نے خود کشی کرلی۔سینٹ البرٹ راحت کیمپ میں سیلاب کے دوران پناہ لینے کے بعد جب سیلاب کم ہوا تو بیوی بچوں کے ہمراہ گھر گیا ۔ پڑوسیوں کے مطابق راکی کے بیوی بچے رات گئے راحت کیمپ لوٹ گئے تاہم راکی ساڑھے 9بجے تک محلے والوں سے بات چیت کرتا رہا۔صبح پڑوسیوں اور رشتے دارنے راکی کے مکان کا دروازہ کھلا دیکھ کر اندر گئے توراکی مردہ حالت میں پڑا ہوا تھا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس جائے وقوعہ پرپہنچ گئی۔ ایک پولیس افسر نے بتایا کہ راکی سیلاب کے باعث ہونیوالی گھر کی تباہی کا منظر دیکھ کر حواس باختہ ہوگیا تھا اسے سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ وہ دوبارہ کیسے مکان تعمیر کرپائیگا؟۔چھان بین اور لوگوں سے پوچھ گچھ کے بعداس بات کاامکان ہے کہ راکی نے مکان کی تباہی سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کی ہے۔ پولیس نے لاش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے بھیج دی۔