Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جامعہ پنجاب کے سابق وائس چانسلر و دیگر ریمانڈ پر جیل

لاہور:  احتساب عدالت نے سابق وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔ ذرائع کے مطابق نیب حکام نے مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو آج بغیر ہتھکڑیاں لگانے احتساب عدالت میں پیش کیا، اس دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کوبتایا کہ ملزمان سے تفتیش مکمل کرلی ہے ، مزید جسمانی ریمانڈ درکار نہیں لہٰذا ملزمان کو جیل بھجوا دیاجائے ۔
عدالت نے نیب کی استدعا منظور کرتے ہوئے مجاہد کامران سمیت دیگر ملزمان کو 14 روز کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور دیگر ملزمان پر 2013ء سے 2016ء کے درمیان ملی بھگت سے گریڈ 17 اور اس سے اوپر کی 550 غیر قانونی بھرتیاں کرنے کا الزام ہے ۔
مجاہد کامران اور دیگر کو قومی احتساب بیورو (نیب) نے 11 اکتوبر کو حراست میں لیا تھا اور نیب کی جانب سے سابق وی سی سمیت دیگر اساتذہ کو بھی ہتھکڑیاں لگا کر احتساب عدالت میں پیش کیا گیا جس کا چیف جسٹس پاکستان نے نوٹس لیاتھا۔ جس کے بعد ڈی جی نیب لاہور نے اس معاملے پر عدالت سے معافی مانگی تھی جب کہ چیئرمین نے بھی اسی معاملے پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نیب کو معطل کیا۔
مزید پڑھیں:- - - -حکومتی فیصلوں سے آیندہ نسلیں مقروض ہوں گی‘ سراج الحق

شیئر: