آسیہ کی بریت کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست
لاہور: توہین رسالت کیس میں سپریم کورٹ کی جانب سے آسیہ بی بی کی بریت اور رہائی کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے عدالت عظمیٰ لاہور رجسٹری میں اپیل دائر کردی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق شہری قاری سلام نے ایڈووکیٹ اظہر صدیق اور غلام مصطفی چودھری کے توسط سے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ آسیہ بی بی نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کیا تھا جبکہ اس کے باوجود عدالت عظمیٰ نے اسے بری کردیا ہے۔
دائر کی گئی اپیل میں عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ آسیہ بی بی سے متعلق بریت کے فیصلے پر نظر ثانی کی جائے اور اپیل کے فیصلے تک آسیہ بی بی کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے توہین رسالت کیس میں آسیہ بی بی کی سزائے موت کو کالعدم قرار دیتے ہوئے اسے بری کرنے کا حکم دیا تھا۔ آسیہ بی بی پرالزام تھا کہ اس نے جون 2009ء میں ایک خاتون سے جھگڑے کے دوران نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں توہین آمیز جملے استعمال کیے تھے ۔