Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پنجاب: سینیٹ کی 2 نشستوں پر ن لیگ اور پی ٹی آئی میں سخت مقابلہ

لاہور:  پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن کے مابین پنجاب سے سینیٹ کی 2 نشستوں پر آج سخت مقابلے کی توقع ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب میں سینیٹ کی دو نشستوں پر آج الیکشن ہوگا جس میں ن لیگ کے سعود مجید اور پی ٹی آئی کے ولید اقبال میدان میں اترے ہیں، اس کے علاوہ خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی سیمی ایزدی اور ن لیگ کی سائرہ افضل تارڑ کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی مذکورہ دونوں نشستیں مسلم لیگ ن کے ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی نااہلی کی وجہ سے خالی ہوئی تھیں۔ سینیٹ کی ان نشستوں کے لیے صوبائی اسمبلی کے 371 کے ایوان میں 369 ارکان اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ بقیہ 2 نشستوں میں چودھری نثار نے ابھی تک بطور رکن پنجاب اسمبلی حلف ہی نہیں اٹھایا جس کی وجہ سے وہ رائے شماری میں حصہ نہیں لے سکتے جبکہ خواجہ سعد رفیق کی چھوڑی ہوئی سیٹ پر تاحال ضمنی الیکشن کا انعقاد ہی نہیں ہوا۔
واضح رہے کہ صوبائی اسمبلی میں پی ٹی آئی کی 180، ن لیگ کی 167، مسلم لیگ ق کی 10، پیپلز پارٹی کی 7، آزاد ارکان کی 4 اور ایک نشست راہ حق پارٹی کی ہے۔ موجودہ صورت حال میں حکمراں جماعت کو ق لیگ کے 10 ارکان کی حمایت حاصل ہے جس سے اس کے کل ووٹوں کی تعداد 190 بنتی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راہ حق پارٹی اور آزاد ارکان کی جانب سے بھی پاکستان تحریک انصاف کی حمایت میں ووٹ ڈالنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے جبکہ دوسری جانب ن لیگ کو پیپلز پارٹی کے 7 ارکان کی حمایت ملا کر مجموعی طور پر 174 ووٹوں کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں پارٹیوں کے حمایتی ووٹوں کو دیکھا جائے تو سینیٹ کی مذکورہ دونوں نشستوں پر مقابلہ دلچسپ ہوگا۔

 

مزید پڑھیں:- - - -شاہد آفریدی کامتنازعہ بیان، آپ کی کیا رائے ہے؟

شیئر: