Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یو پی میں اکھلیش پھر حکومت بنائینگے،جسٹس کانجو

نئی دہلی... سپریم کورٹ کے سابق جج اور پریس کونسل آف انڈیا کے سابق چیئرمین جسٹس مارکنڈے کاٹجو نے پیشگوئی کی ہے کہ اترپردیش کے اسمبلی انتخابات میں پھر اکھلیش یادو کو حکومت بنانے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے فیس بک پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اکھلیش یادو والی سماجوادی پارٹی الیکشن میں واضح اکثریت حاصل کرلے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان انتخابات میں بی جے پی کا خواب چکناچور ہوجائے گا اور اسے تیسری پوزیشن بھی مل جائے تو غنیمت سمجھنا چاہئے۔ جسٹس کاٹجو نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعلیٰ مایاوتی کی جماعت بی ایس پی کو دوسری پوزیشن مل سکتی ہے۔ کانگریس کیلئے اب ریاست میں کوئی ووٹ بینک باقی نہیں بچا ۔ انہوں نے اپنے اس تجزیے کی وجوہ بتاتے ہوئے کہا کہ اس وقت یوپی میں 2014 ءکے پارلیمانی انتخابات والی مودی لہر یا اسی طرح کی کوئی دوسری لہر موجود نہیں۔ اس لئے ریاست میں حسب روایت مذہب اور ذات برادری کی بنیاد پر رائے دہندگان اپنے ووٹوں کا استعمال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا بھی قطعی امکان ہے کہ اکھلیش یادو کو اسمبلی میں دوتہائی اکثریت مل جائے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جس طرح کی منصوبہ بندی کررہی ہے موجودہ حالات میں اس میں کامیابی کے بہت کم امکان ہیں۔ بی ایس پی کو بی جے پی کے مقابلے میں بنیادی طور پر زیادہ ووٹ مل سکتے ہیں۔ انہو ںنے کہا کہ ہندوستان کی زیادہ تر ریاستوں میں مذہب اور ذات برادری کی بنیاد پر ہی ووٹ ڈالے جاتے ہیں۔ 

 

شیئر: