8فروری 2019ء جمعہ کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے عربی اخبارالبلاد کا اداریہ نذر قارئین
سعودی عرب کی قیادت راشدہ کی سرپرستی کی بدولت مملکت میں سیاحت کا شعبہ وسیع و عریض شکل اختیارکرگیا۔سعودی قیادت اقتصادی ذرائع میں تنوع پیدا کرنے کیلئے سیاحت کو بھی فروغ دینے پر کمر بستہ ہے۔ 2دن قبل سعودی ولیعہد نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع و سربراہ اقتصادی و ترقیاتی امور کونسل شہزادہ محمد بن سلمان نے تاریخی مقام الدرعیہ کے الطریف محلے میں سیاحت کے موضوع پر اہم ورکشاپ کی سربراہی کی۔اس موقع پر سعودی وژن 2030سے ہم آہنگ سیاحت کی بابت رجحانات اور تصورات پر مباحثہ ہوا۔سعودی ولیعہد سے عالمی تنظیم سیاحت کے سیکریٹری جنرل نے ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی عرب اور سیاحت کی عالمی تنظیم کے درمیان شراکت کے شعبوں کا جائزہ لیا۔ سعودی وژن کے تناظر میں مختلف پروگراموں پر بات چیت کی۔ سیاحت کی عالمی تنظیم مملکت کے سیاحتی پروگراموں کو فروغ دینے کیلئے کیا کچھ کرسکتی ہے ، اس پر گفت و شنید ہوئی۔ عالمی تنظیم کے سیکریٹری جنرل نے مملکت کے مختلف علاقوں میں مختلف سیاحتی و ثقافتی پروگراموں پر پسندیدگی کا اظہار کیا۔
ان ساری سرگرمیوں اور دلچسپیوں سے پتہ چلتا ہے کہ مملکت میں فروغِ سیاحت کا ہدف پورا ہونے جارہا ہے۔ سیاحت کو وہ مقام ملے گا جس کی وہ مستحق ہے۔ سعودی سیاحت عالمی نقشے پر آئے گی۔اس سے اقتصادی، سماجی اور ثقافتی فوائد ہونگے۔روزگار کے مواقع پیدا ہونگے اور ترقی یافتہ سیاحتی مواقع ابھریں گے۔