کشمیریوں پر حملوں کی روک تھام کی درخواست پر سماعت جمعہ کو
جمعرات 21 فروری 2019 3:00
نئی دہلی- - -- پلوامہ دہشت گردانہ حملے کے بعد ملک کے مختلف علاقوں میں کشمیر یوں پر حملے تیز ہوگئے۔ حملوں کی روک تھام کیلئے درخواست سپریم کورٹ میں دائر کی گئی جس پرعدالت جمعہ کو سماعت کرے گی۔درخواست گزار طارق ادیب کی طرف سے سینئر وکیل کولن گونزالز نے چیف جسٹس رنجنگگوئی ، جج ایل ناگیشور راو اور جج سنجیو کھنہ کی بنچ کے سامنےواقعات کاتذکرہ کیا۔ انہوں نے دلیل دی کہ یہ معاملہ انتہائی سنگین ہے اور اس پر فوری سماعت کی جانی چاہئے۔چیف جسٹس نے درخواست پر جمعہ کو سماعت کی یقین دہانی کرائی۔درخواست گزار نے مرکزی حکومت کے علاوہ 8 ریاستوں جموں وکشمیر، اتراکھنڈ، اترپردیش، میگھالیہ، چھتیس گڑھ اور مغربی بنگال کو فریق بنایا ہے۔درخواست گزار نے دعوی کیا کہ پلوامہ کے واقعہ کے بعد ملک کے مختلف حصوں میں قائم یونیورسٹیوں اورتعلیمی اداروں میں پڑھنے والے کشمیری باشندوں،نوجوانوں اورطلبہ و طالبات پر حملے کئے جارہے ہیں۔