Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مشفق الرحیم اور شکیب الحسن کی ریکارڈ ساز بیٹنگ

ویلنگٹن...بنگلہ دیش اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن کا کھیل بنگلہ دیشی کپتان مشفق الرحیم اور آل راونڈر شکیب الحسن کی ریکارڈ ساز بیٹنگ سے یادگار رہا اور مہمان ٹیم نے پہلی اننگز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 542رنز بنالئے ۔ مشفق الرحیم 159اور شکیب الحسن ڈبل سنچری بنانے کے بعد 217رنز پر آوٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے نیل ویگنر نے 3اور ٹرینٹ بولٹ و ٹم ساوتھی نے 2،2وکٹیں لیں۔ بنگلہ دیش نے پہلے دن کے اسکور 154رنز 3کھلاڑی آوٹ پر اپنی اننگز دوبارہ شروع کی تھی۔ بارش سے متاثرہ پہلے دن صرف 40.2اوورز کا کھیل ممکن ہوسکا تھا۔ مومن الحق 64اور شکیب الحسن 5رنز پر دوبارہ کھیلنے کےلئے آئے۔ مومن اپنے اسکور میں کوئی اضافہ کئے بغیر آوٹ ہوگئے کپتان مشفق الرحیم نے آل راونڈر شکیب الحسن کے ساتھ اننگز کو آگے بڑھایا اور ریکارڈ ساز کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لئے 359رنز بناتے ہوئے ٹیم کی پوزیشن بھی بہتر بنادی۔ مشفق الرحیم نے اپنے 100رنز 179گیندوں پر مکمل کئے جبکہ ان سے پہلے شکیب الحسن 150گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوچکے تھے۔ دونوں کیوی بولرز کی جم کر پٹائی کرتے ہوئے ڈبل سنچریوں کی جانب گامزن تھے لیکن مشفق الرحیم کو 159رنز پر اپنی وکٹ سے ہاتھ دھونا پڑ گئے۔ شکیب الحسن نے تیز رفتار بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے ڈبل سنچری مکمل کرلی ۔دوسرے دن کے کھیل کا وقت ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے شکیب الحسن 217رنز کے انفرادی اسکور پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ انہیں ویگنر نے کلین بولڈ کیا۔ 

شیئر: