Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کیا ہورہا ہے؟ تابوت میں ”مردہ“ شخص بول پڑا

بیجنگ.... چین میں ایک 75سالہ شخص نے خود اپنے تابوت پر دستک دیکر تجہیز و تکفین کی تیاری میں مصروف اہل خانہ کو چونکا دیا جو اسے مردہ تصور کرکے دفن کرنے کیلئے تیار تھے۔ یہ واقعہ چین کی کاونٹی یولیان میں پیش آیا۔ بتایا گیا ہے کہ” مردہ شخص“ نے اپنے تابوت پر دستک دیکر پوچھا کہ ”کیا ہورہا ہے؟“ یہ سن کر آس پاس موجود اس کے رشتے دار چونک اٹھے اور انہوں نے جلدی سے تابوت کھول دیا۔ جس میں موجود شخص آنکھیں کھولے حیرت سے انہیں تک رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ تدفین کے بعد ہونے والی روایتی دعوت اور دیگر رسومات کیلئے تمام تیاریاں مکمل تھیں۔ اسکے ایک بیٹے کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ انکا والد زندہ ہے اور اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ اب خطرے کی کوئی بات نہیں۔ اگر اسے زیادہ دیر تابوت میں بند رہنا پڑتا تو ممکنہ طور پر اسکی موت واقع ہوسکتی تھی۔ مزے کی بات یہ ہے کہ اہل خانہ تقریباً6 گھنٹے تک اسے مردہ سمجھ کر تیاریوں میں لگے رہے تاکہ تدفین کا کام جلد اور شام ہونے سے پہلے نمٹا دیا جائے۔ ایک بیٹے نے بتایا کہ اسکا والد طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا ہے اور جب وہ بے ہوش ہوا تو تمام آثار ایسے تھے کہ جیسے وہ چل بسا ہے۔ اسکے حرکت نہ کرنے کی وجہ سے ہم یہی سمجھے کہ اسکی زندگی کا وقت پورا ہوچکا ہے۔ ہم نے اسکی ”لاش“ اٹھا کر گھر کے داخلی دروازے کے قریب واقع کمرے میں رکھ دی تاکہ رشتہ دار اور دیگر لوگ وہاں تابوت کے پاس انتظار کرکے تدفین میں شریک ہوسکیں۔
 
 
 

شیئر: