Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویلنگٹن ٹیسٹ: نیوزی لینڈ 539 پر آوٹ، بنگلہ دیش کی برتری

ویلنگٹن...نیوزی لینڈ کی ٹیم بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن اپنی پہلی اننگر میں 539 رنز بناکر آوٹ ہوگئی۔ بنگلہ دیش نے پہلی اننگز میں بنائے گئے 595 رنز کی بدولت برتری کے ساتھ دوسری اننگز شروع کرکے کھیل کے اختتام تک 122 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی جبکہ اس کی 7 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہوا تو مومن الحق 10 رنز پر کھیل رہے تھے۔ کیوی ٹیم نے تیسرے دن کے اسکور 292 رنز 3 کھلاڑی آوٹ پر نامکمل اننگز کا آغاز کیا تھا ۔ اوپنر ٹام لیتھم 119 اور مڈل آرڈر بیٹسمین ہنگری نیکولس 35 رنز کے ساتھ دوبارہ کھیلنے آئے۔ نکولس نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد 53 رنز پر آوٹ ہوگئے۔ انہیں شکیب الحسن نے آوٹ کیا۔ ان کے بعد آنے والے کولن ڈی گرینڈ ہوم 14 رنز بناسکے تاہم وکٹ کیپر بیٹسمین واٹلنگ نے اچھی بیٹنگ کی اور 49 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ ٹام لیتھم 177 رنز بناکر آوٹ ہوئے تو نیوزی لینڈ کا اسکور6 وکٹوں پر 398 رنز ہوچکا تھا۔ لیتھم نمے ایک چھکا اور 18 چوکے لگائے۔ مچل سینٹنر نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہر ہ کیا ۔ 73 رنز بنا ئے۔ ٹم ساوتھی ایک، نیل ویگنر 18 رنز بناسکے۔ ٹرنٹ بولٹ 4ر رنز کے ساتھ ناٹ آوٹ رہے۔ بنگلہ دیشی بولرز نے 30 اضافی رنز دے کر کیوی اسکور میں خاطر خواہ اضافہ کیا۔ قمر الاسلام ربی نے3 جبکہ سبھاشش رائے ، شکیب الحسن اور محمود اللہ نے 2 ، 2 وکٹیں لیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم نے دوسری اننگز شروع کی تو اسے 46 رنز پر پہلے نقصان سے دوچار ہونا پڑا جب اوپنر امرالقیس زخمی ہوکر ریٹائر ہوگئے۔ انہوں نے 24 رنز بنائے۔ تمیم اقبال کو 25 کے انفرادی اسکور پر سینٹنر نے بولڈ کیا تو بنگلہ دیش کا اسکور 50 رنز تھا۔ محمود اللہ 5 اور نائٹ واچ مین مہدی حسن میراز ایک رن بناکر آوٹ ہوئے۔ اسی مرحلے پر چوتھے دن کا کھیل بھی اختتام کو پہنچ گیا۔ بنگلہ دیش نے تین وکٹوں پر 66 رنز بناتے ہوئے مجموعی طور پر 122 رنز کی برتری حاصل کرلی ۔بظاہر یہ میچ ڈرا کی جانب گامزن ہے۔ 

شیئر: