Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج کوٹے میں اضافے پر خادم حرمین شریفین کے ممنون ہیں

 
19جنوری کو نئے حج معاہدے پر دستخط ہونگے، سفیر پاکستان منظور الحق
 
ریاض (جاوید اقبال) سفیر پاکستان منظور الحق نے کہا ہے کہ حج کے لئے پاکستان سے آنے والے افراد کے کوٹے میں اضافے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور انکی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ وہ اردونیوز کی ایک معروف خاتون صحافی کی طرف سے سفارتخانے میں حال ہی میں مامور ہونے والے افسران کے ا عزاز میں دیئے گئے عشائیے میں اردونیوزسے خصوصی بات کررہے تھے۔ عشائیے میں سفارتخانے کے ڈپٹی ہیڈ آف مشن محمد حسن وزیر، ہیڈ آف چانسری شاہ فیصل کاکڑ، ڈیفنس اتاشی بریگیڈیئر شاہد منظور، فرسٹ سیکریٹری سردار محمد خٹک ،کمیونٹی ویلفیئر اتاشی عبدالشکور شیخ اور محمود لطیف کمرشل اتاشی ڈاکٹر وقار حسین اور تھرڈ سیکریٹری شاہد اقبال کے علاوہ پاکستانی عمائدین اور انکے اہل خانہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے منظور الحق نے کہاکہ گزشتہ چند برسوں سے حرمین شریفین میں جاری توسیعی تعمیرات کی وجہ سے اور انتظامی امو رمیں آسانی پیدا کرنے کیلئے مسلم ممالک سے آنے والے حجاج کی تعداد میں کمی کردی گئی تھی۔ پاکستان سے گزشتہ سال ایک لاکھ 42ہزار افراد مناسک حج کی ادائیگی کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سعودی حکومت کے حالیہ بیان میں ان کے ملک سے آنے والے حجاج کی تعداد بڑھا کر تقریباً ایک لاکھ 80ہزار کر دی گئی ہے۔ منظور الحق نے گزشتہ برس پاکستان سے آئے حجاج کو قیام و طعام اور نقل و حمل کیلئے فراہم کی گئی آسائشوں پر اظہار مسرت کیا اور کہا کہ ادائیگی حج کے بعد ضیوف الرحمان انتہائی مسرور اور مطمئن واپس وطن لوٹے تھے۔ انکے قیام کے لئے حرم کے نواح میں ا رزاں اور نئی عمارتیں حاصل کی گئی ہیں اور یہ سلسلہ ابھی تک جاری ہے۔ ایک سوال پر منظور الحق نے واضح کیا کہ 19جنوری کو پاکستان کے وفاقی وزیر برائے حج، اوقاف اور اسلامی امور سردار محمد یوسف جدہ آرہے ہیں جہاں وہ سعودی حکام سے اس سال کے حج معاہدے پر دستخط کرینگے۔

شیئر: