Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

قوت سماعت کی بحالی کیلئے جدید آلہ تیار

سیول ..... قدرت نے انسان کو جن مشہور حسیات سے بہرہ مند کیا ہے ان میں ایک قوت سماعت بھی ہے اور قوت سماعت کی کمزوری یا مکمل بہرہ پن کا کوئی خاطر خواہ علاج اب تک سامنے نہیں آیا۔ کان میں لگانے کیلئے کچھ آلات عرصہ سے بازار میں ہیں مگر انکی کارکردگی بیشتر افراد کی نظر میں تسلی بخش نہیں۔ میڈیکل سامان تیار کرنے والی کمپنی نے سماعت سے محروم افراد کے علاج کےلئے نیا طریقہ دریافت کیا ہے۔ جس سے خاطر خواہ فائدہ ہونے کا امکان ہے۔ کوچ لیئر نامی آلہ کچھ اس طرح کام کرتا ہے کہ کان میںپڑنے والی آواز کو تیز کرکے انتہائی اندرونی حصے تک پہنچاتا ہے۔ اس مقصد کیلئے تیار کردہ آلہ بہت چھوٹا اور مختصرہے۔ اس کی شکل و صورت سیپ سے بہت حد تک ملتی ہے اور آواز کو محسوس کرنے والی رگوں تک موصولہ آوازوں کو پہنچاتا ہے۔ اس کے اندرہیئر سلز نامی انتہائی حساس سیلز لگے ہیں۔ واضح ہو کہ کچھ لوگ تو پیدائشی طورپر قوت سماعت سے محروم ہوتے ہیں۔کچھ حادثاتی طور پر اپنی قوت سماعت کمزور کر بیٹھتے ہیں یا بالکل گنوا دیتے ہیں۔ نیا آلہ انتہائی بہرے کہے جانے والے افرا د کیلئے بیحد مفید ثابت ہوسکتا ہے۔ اسکے بیرونی حصے میں ایک ننھا سا مائیکروفون بھی ہوتا ہے جو آواز کو کان کے اندرونی حصے تک پہنچانے کا کام کرتا ہے اور ساتھ ہی دماغ کو بھی اس بات کا اشارہ دیتا ہے کہ اس نے موصولہ آواز کو اصل جگہ تک پہنچا دیا ہے۔ دیکھنے میں یہ کان کے روایتی آلے کی طرح نظر آتا ہے مگر اس کی اندرونی خوبیاں روایتی آلات سے ہٹ کر کہیں زیادہ اچھی اور متاثر کن ہیں۔ اس منصوبے پر جنوبی کوریا کے سینٹ میری اسپتال کے سائنسدانوں نے کام کیاتھا تاہم ابھی اس پر مزید تجربات کی ضرورت ہے۔ تاکہ یہ بالکل نقائص سے پاک ہوجائے۔ 

شیئر: